سائٹ ایریا فیکٹری کی چھت گرنے سے مزدور ہلاک 2 افراد زخمی

پلاسٹک کی بوتلیں بنانے والی فیکٹری کی چھت کی مضبوطی اوربالائی منزل کی تعمیر کا کام ہو رہا تھا، فیکٹری منیجر فرار


Staff Reporter April 02, 2014
آصف خلیل کی یاد گار تصویر۔ فوٹو: فائل

سائٹ ایریا میں پلاسٹک کی بوتلیں بنانے والی فیکٹری کی چھت گرنے سے ایک مزدور ہلاک اور2 زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق سائٹ اے تھانے کی حدود حبیب بینک چورنگی کے قریب خواجہ کمپاؤنڈ پلاٹ نمبر C/11 پر زیر تعمیر فیکٹری کی چھت کا ایک حصہ گرنے سے مزدور20 سالہ آصف ولد خلیل ملبہ کے نیچے دب کر ہلاک جبکہ 28 سالہ عمران اور 30سالہ اکمل زخمی ہو گئے جنھیں فوری طور پر سول اسپتال پہنچایا گیا ، سائٹ پولیس کے مطابق پلاسٹک کی بوتل بنانے کی زیر تعمیر فیکٹری کا منیجر اعجاز اپنی نگرانی میں فیکٹری کی پری کاسٹ کی چھت کی مضبوطی اور بالائی منزل کی تعمیر کے لیے چھت پر سیمنٹ اور بجری کا گارا تیار کرارہا تھا کہ وزن زیادہ ہونے کی وجہ سے چھت گر گئی اور وہاں کام کرنے والا ایک مزدور ہلاک اور 2 افرادزخمی ہو گئے، واقعے کے بعد فیکٹری کا منیجر موقع سے فرار ہوگیا۔

موسیٰ کالونی کے رہائشی متوفی آصف کے اہلخانہ نے ایکسپریس کو بتایا کہ ڈیڑھ سال قبل آصف نے پسند کی شادی کی تھی اور متوفی ا ایک بچی کا باپ تھا انھوں نے بتایا کہ متوفی 6بھائیوں اور 2بہنوں میں دوسرے نمبر پر تھا، انھوں نے بتایا کہ متوفی آصف کا آبائی تعلق لودھراں سے تھا اور متوفی پلاسٹک کی بوتلیں بنانے والی فیکٹری میں ملازمت کرنے سے قبل کباڑی تھا، انھوں نے بتایا کہ جس مذکورہ فیکٹری کی چھت گری 2 ماہ قبل اس فیکٹری سے متصل فیکٹری میں بوائلر کا دھماکا ہوا تھا جس سے مذکورہ فیکٹری کی دیواروں اور چھتوں میں دراڑیں پڑ گئیں تھی لیکن فیکٹری کے مالک نیفیکٹری کی بروقت مرمت نہیں کرائی ، گزشتہ روز واقعے کے بعد فیکٹری کا مالک وکیل جائے وقوع سے فرار ہو گیا، انھوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے لاپروائی اور غفلت کا مظاہرہ کرنے والے فیکٹری کے مالک اور منیجر کو گرفتار کر کے سزا دی جائے۔