انسٹاگرام کا ’نوٹس‘ نامی فیچر متعارف کرانے کا اعلان
اس فیچر کے ذریعے صارفین الفاظ اور ایموجیز کا استعمال کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کر سکیں گے
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم اِنسٹاگرام نے 'نوٹس' نامی نیا فیچر متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔
میٹا کی ذیلی کمپنی انسٹاگرام کی جانب سے منگل کے روز کیے جانے والے اعلان کے مطابق کمپنی نوٹس کا فیچر متعارف کرانے جارہی ہے جس کے ذریعے صارفین الفاظ اور ایموجیز کا استعمال کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کر سکیں گے۔
مختصر پوسٹس کے طور پر بیان کیے گئے نوٹس فیچر میں 60 حروف تک استعمال کیے جاسکتے ہیں جس کا مطلب ہے کہ یہ فیچر ٹویٹ سے مشابہ ہوگا لیکن اس میں الفاظ کم لکھے جائیں گے۔
نوٹس کو انباکس کے اوپر موجود آپشن پر جا کر فالوورز یا قریبی دوستوں کی فہرست میں موجود لوگوں کو چن کر شیئر کیا جاسکے گا۔
(تصویر: میٹا)
نوٹس کو انباکس کے اوپر 24 گھنٹوں تک دیکھا جاسکے گا اور ان پر دیے جانے والے جوابات بطور پیغامات موصول ہوں گے۔
دوسری جانب انسٹاگرام کی جانب سے جلد ہی گروپ پروفائل فیچر بھی متعارف کرایا جائے گا جس کی مدد سے متعدد صارف ایک مخصوص شیئرڈ پروفائل کے ذریعے پوسٹ اور اسٹوریز شیئر کر سکیں گے۔
انسٹاگرام کی جانب سے مستقبل میں متعارف کرایا جانے والا ایک فیچر کینڈِڈ اسٹوریز فی الحال آزمائشی مراحل میں ہے جس کی اجراء مستقبل قریب میں متوقع ہے۔