پولیس و رینجرز کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں 93 ملزمان گرفتار

اسلحہ اور بم برآمد کرنے کا دعوی، گرفتار شدگان میں گینگ وار کے ملزمان بھی شامل


Staff Reporter April 04, 2014
اسلحہ اور بم برآمد کرنے کا دعوی، گرفتار شدگان میں گینگ وار کے ملزمان بھی شامل۔ فوٹو: فائل

پولیس اور رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹ آپریشن اور چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران لیاری گینگ وار کے 5 ملزمان سمیت 93 ملزمان کو گرفتار و حراست میں لے کر ان کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق رینجرز اور پولیس نے لیاری کے مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران گینگ وار عذیر بلوچ کے کمانڈر وصی اﷲ لاکھوں گروپ کے5کارندے محمد حسین ، عادل غلام ، عدنان رمضان ، شہروز رمضان ، بلال اور اشفاق کو حراست میں لیکر ان کے قبضے سے اسلحہ اور دستی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے، ذرائع کے مطابق ملزم محمد حسین پر قتل ، اقدام قتل ، بھتہ خوری اور پولیس مقابلے کے متعدد مقدمات درج ہیں ، گرفتار ملزمان کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ، خواجہ اجمیر نگری پولیس نے نارتھ کراچی کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث 2 ملزمان شاہد اور حبیب کو گرفتار کرلیا جن کے قبضے سے2 ٹی ٹی پستول ملی ہیں۔

سہراب گوٹھ پولیس نے سپر ہائی سے پر لوٹ مار کرنے والے ملزم عبداﷲ عرف عاشق کو گرفتار کرلیا ، نیو کراچی صنعتی ایریا پولیس نے خمیسو گوٹھ میں مقابلے کے بعد ملزم سلیم کو گرفتار کیا جبکہ اس کے4 ساتھی فرار ہوگئے ، پولیس نے ملزم کے قبضے20 لاکھ روپے مالیت کے دھاگے سے لدا ٹرک برآمد کیا جو ملزمان نے جمعرات کی صبح سائٹ A تھانے کی حدود سے چھینا تھا ، کراچی پولیس کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران84ملزمان کو گرفتار کرلیا، پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں 3ٹارگٹ کلرز،1بھتہ خور،4ڈکیت اور 20مفرور و اشتہاری بھی شامل ہیں جن کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔