پرویز الٰہی کی مبینہ تیسری اہلیہ کو ایف آئی اے میں دوبارہ طلب کرنے کا فیصلہ

طالب فریدی  منگل 3 جنوری 2023
سائرہ انور مبینہ طور پر وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی تیسری اہلیہ ہیں (فوٹو فائل)

سائرہ انور مبینہ طور پر وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی تیسری اہلیہ ہیں (فوٹو فائل)

 لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی مبینہ تیسری اہلیہ سائرہ انور کو ایف آئی اے میں پیش نہ ہونے پر دوبارہ طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے طلبی پر پرویز الٰہی کی مبینہ تیسری اہلیہ سائرہ انور پیش نہ ہو سکیں۔ ان کے وکیل اطہر کیانی نے ایف آئی اے میں پیش ہوکر مزید وقت طلب کرلیا۔

آمدن سے زائد اثاثہ جات اور بینک اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے کی رقم جمع ہونے کی رپورٹ ملنے کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے نے سائرہ انور کے خلاف تحقیقات شروع کرتے ہوئے انہیں 3 جنوری کو طلب کیا تھا، تاہم ان کے وکیل ایف آئی اے میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ سائرہ انور نجی مصروفیات کی وجہ سے آج پیش نہیں ہو سکتیں، لہٰذا مزید وقت دیا جائے۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی ٹیم نے وکیل کا تحریری جواب لے کر پرویز الٰہی کی مبینہ تیسری اہلیہ سائرہ انور کو دوبارہ طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ سائرہ انور  پنجاب کے وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی مبینہ تیسری بیوی ہیں اور ان کے اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے جب کہ  لاہور سمیت دیگر شہروں میں گھریلو کمرشل پراپرٹی کی بڑی تعداد بھی سامنے آئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔