پاکستانی پی ایچ ڈی اسکالر کے لیے دولتِ مشترکہ تنظیم برائےکیمیا کا عالمی اعزاز

ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی طالبہ نے 31 ممالک کے180 تحقیقی پوسٹرز میں دوسری پوزیشن حاصل کی ہے


ویب ڈیسک January 09, 2023
جامعہ کراچی میں واقع حسین ابراہیم جمال انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری سے وابستہ اسکالر حمیرا کریم کے تحقیقی پوسٹر کو31 ممالک کے 180 پوسٹر میں سے دوسرا اعزاز عطا ہوا ہے۔ فوٹو: بشکریہ آئی سی سی بی ایس

ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری، جامعہ کراچی کی ایک پی ایچ ڈی طالبہ حمیرا کریم نے حال ہی میں کامن ویلتھ (دولتِ مشترکہ) کیمسٹری، فیڈریشن آف کیمیکل سائنسز سوسائٹیز، برطانیہ، کے تحت ستمبر 2022 ء میں منعقدہ آن لائن تھرڈ کامن ولیتھ کیمسٹری پوسٹر مقابلے میں دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔

بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے ترجمان نے پیر کو کہا ہے کہ ریسرچ اسکالر حمیرا کریم ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ شاہین کی زیرِ نگرانی پی ایچ ڈی کررہی ہیں۔ ترجمان کے مطابق ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے اس ہونہار طالبہ نے حیاتیاتی تنوع اور قدرتی مرکبات کی تھیم کے تحت 180 پوسٹرز پریزینٹیشن کے درمیان دوسری پوزیشن حاصل کی ہے جبکہ اس عالمی مقابلے میں 31ممالک کے اسکالر شرکت کر رہے تھے۔ ترجمان کے مطابق منتظمین کی جانب سے حمیرا کریم کو نہ صرف سرٹیفیکیٹ بلکہ 500 پاونڈ اسٹرلنگ بھی عطا کیے گئے ہیں۔

بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری نے حمیرا کریم کو اُن کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی دراصل پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیت کا اعتراف ہے جبکہ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی میں باصلاحیت اور قابل نوجوان اسکالروں کی موجودگی ادارے کے لیے قابلِ فخر ہے۔

شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور سرپرستِ اعلیٰ بین الاقوامی مرکز اور سابق وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن نے بھی ہونہار طالبہ کو اس کا میا بی پر مبارکباد دی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں