ٹی 20 کی بادشاہت کے لئےایشیائی سپر پاورز نے تلواریں نکال لیں سری لنکا اور بھارت جنگ کے لئے تیار

دونوں ٹیمیں بظاہر کاغذوں میں ایک جیسی صلاحیتوں کی مالک ہیں،اپنے اچھے دن میں کوئی بھی دوسرے کے چھکے چھڑا سکتا ہے۔


Sports Desk April 06, 2014
ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے فائنل میں سری لنکا اور بھارت کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔ فوٹو : اے ایف پی

ٹی20کی بادشاہت کیلیے ایشیائی سپرپاورزنے تلواریں نکال لیں، بھارت اور سری لنکا جنگ کیلیے مکمل تیار ہیں

ایشیائی سپر پاورز سری لنکا اور بھارت کے فائنلز میں ٹکرانے کی روایتی بہت پرانی ہے،آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی20 ٹرافی کے لئے آج پھر دونوں ٹیموں کے درمیان شیربنگلہ اسٹیڈیم، میرپور میں گھمسان کا رن پڑے گا، دونوں ٹیموں کوبہترین سلو بولرز کا ساتھ حاصل ہے، ایک بار پھر ٹائٹل کے قریب پہنچ کر آئی لینڈرزکا جوش و خروش آسمان کو چھونے لگا، کھلاڑی حریف سے اگلے پچھلے تمام حساب چکتا کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، سیمی فائنل کے فاتح اسکواڈ کو برقرار رکھنے کی صورت میں کپتان دنیش چندیمل کو پھر باہر بیٹھ کر تالیاں بجانا ہوں گی، لسیتھ مالنگا کا کہنا ہے کہ ہمیں کسی انعام کا لالچ نہیں، فتح صرف ملک کے لیے حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ دوسری جانب بھارت فیصلہ کن معرکے میں یوراج سنگھ کو باہر بٹھانے کی بے وقوفی کے لیے تیار نہیں ہے،کرکٹ کے تینوں بڑے ٹائٹلز پر ایک ساتھ قبضے کا خواب پلیئرز کی آنکھوں میں جگمگانے لگا،کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے کہاکہ فی الحال ہماری توجہ دنیا کی بہترین ٹیم کے ساتھ مقابلے پر مرکوز ہے، ہم ٹائٹل جیت کر تاریخ رقم کرنا چاہتے ہیں۔

دونوں ہی ماضی کے پریشر گیمز میں ایک دوسرے پر دھاک بٹھاتے رہے ہیں،اب ایک بار پھر دشمنی کی نئی داستان رقم کریں گے، حال ہی میں ایشیا کپ میں سری لنکا نے بھارت کو شکست سے دوچار کیا تھا،اس وقت آئی لینڈرزپورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہتے ہوئے ٹرافی پر قبضہ جمانے میں کامیاب رہے،اس بار بھارتی ٹیم کو اب تک کوئی ایونٹ میں زیر نہیں کرپایا،2007 کے بعد دھونی الیون نے دوسری مرتبہ فائنل میں جگہ بنائی، دونوں ٹیمیں بظاہر کاغذوں میں ایک جیسی صلاحیتوں کی مالک ہیں،اپنے اچھے دن میں کوئی بھی دوسرے کے چھکے چھڑا سکتا ہے، دونوں ہی کے پاس عمدہ اسپنرز موجود اور بیٹسمین اسپن بولنگ کو اچھے سے کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، بیٹنگ دونوں کی کافی اچھی ہے۔ سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی جبکہ بھارت جنوبی افریقی امیدوں کا چمن اجاڑ کر یہاں تک پہنچا۔گذشتہ میچ میں سری لنکا نے اپنے کپتان دنیش چندیمل کو باہر بٹھایا تھا،اس بار بھی ان کے میدان میں اترنے کا امکان کافی کم ہے کیونکہ آئی لینڈرز اپنے وننگ کمبی نیشن کو چھیڑنے کے حق میں نہیں ہیں۔

آخری گروپ میچ اور پھر سیمی فائنل میں قیادت لسیتھ مالنگا کے پاس تھی،اس بار بھی ٹیم ان کی کپتانی میں کھیل سکتی ہے۔ سری لنکا کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹیم کو ٹائٹل جیتنے کے لیے 10 لاکھ ڈالر بونس کا لالچ دیا تاہم لسیتھ مالنگا کا کہنا ہے کہ ہمارے ذہن میں بونس وغیرہ کے حوالے سے کوئی بات نہیں نہ ہی اس کی کوئی پروا کرتے ہیں، ہمیں سری لنکا کی نمائندگی پر فخر اور اپنے ملک کے لیے ہی جیتنا چاہتے ہیں۔ دوسری جانب بھارت بھی پلیئنگ الیون برقرار رکھے گا،اگرچہ یوراج سنگھ نے سیمی فائنل میں زیادہ کردار ادا نہیں کیا مگر صرف10 گیندوں پر میچ کا نقشہ پلٹنے کے اہل پلیئر کو باہر بھی نہیں بٹھایا جا سکتا۔ بھارتی ٹیم کے پاس ورلڈ کپ اورچیمپئنز ٹرافی کے بعد ورلڈ ٹوئنٹی 20 ٹائٹل کو ایک ساتھ اپنے قبضے میں کرنے کا سنہری موقع ہے، کپتان دھونی نے کہاکہ ایسا اسی وقت ہو گا جب ہم آخری میچ جیتیں گے، فی الحال ہمیں فتح کی کوشش کرنا ہے جس کے لیے اچھی کرکٹ پر توجہ دینا ہوگی، یہ ایک بہت بڑا مقابلہ ہے، سری لنکا بہترین ٹیم اور اس کے پاس نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑی موجود ہیں، ان کا سامنا کرنے کے لیے ہمیں اپنا بہترین کھیل پیش کرنا ہوگا۔