کل الیکشن ہوگا کسی نے سازش کی تو بھرپور جواب دیا جائیگا، حافظ نعیم الرحمان

ویب ڈیسک  ہفتہ 14 جنوری 2023
امن و امان کا مسئلہ 2018 میں بھی تھا جب انتخابات کیوں کروائے، امیر جماعت اسلامی کراچی (فوٹو: ٹوئٹر)

امن و امان کا مسئلہ 2018 میں بھی تھا جب انتخابات کیوں کروائے، امیر جماعت اسلامی کراچی (فوٹو: ٹوئٹر)

  کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کی بنیادی کوشش ہے کہ کسی طریقے سے انتخابات رک جائیں تاہم الیکشن کمشنر اب تک ڈٹے ہوئے ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس سے کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت الیکشن کمیشن کو دوبارہ انتخابات نہ کروانے کیلئے خط لکھا ہے کہ جس میں کہا کہ امن و امان کا مسئلہ ہے، یہ مسئلہ تو 2018 میں بھی تھا جب کسی کو خیال کیوں نہ آیا۔

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیسٹ سریز کراچی میں ہوئی سیکیورٹی تھریٹ نہیں آیا، تین دن کراچی ایٹ فیسٹیول چلا کوئی سیکیورٹی مسئلہ نہیں ہوا، کیویز نے شہر میں ون ڈےکھیلتی کوئی ٹینشن نہیں ہوئی، دفاعی نمائش آئیڈیاز، بک فئیر، فرنیچز اکزبشنز جیسی درجنوں ایکسپوزچلتی رہی اور چل رہی ہیں کوئی سیکیورٹی کی کوئی پریشانی نہیں ہوئی لیکن کراچی کے بلدیاتی انتخاب کی آئی تو سیکیورٹی ٹھریٹ کی آڑ میں بلدیاتی انتخاب پرشب خون مارنےکی سازش شروع ہوگئی۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی کولاوارث سمجھنے والو! تم نے شہر کو سمجھ کیا رکھا ہے؟، تمہارا ہر راستہ بند کردیں گے اور اپنا حق لینے کیلئے کسی بھی حد تک جائیں گے۔

مزید پڑھیں: حافظ نعیم کا ایم کیو ایم کی بلدیاتی انتخابات پر دھمکی کا نوٹس لینے کا مطالبہ

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی نے کراچی کا سوچے سمجھے پلان کے ذریعے بیڑہ غرق کیا، اس سے ملک کی معیشت کر فرق پڑتا ہے۔ کراچی کے لوگوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس ردعمل کا اظہار کریں، کل نکلیں اور ووٹ کاسٹ کریں، شہر کے ساڑھے 3 کروڑ کی عوام کے ساتھ بلیک میلنگ ہے۔

ایم کیو ایم پر تنقید کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ تم جس دروازے سے آؤ گے تمھیں ایکسپوز کیا جائیگا، اب لوگ نکلیں گے اور بولیں گے۔ اگر حکومت کی پارٹیاں اتنی پاپولر ہیں تو الیکشن سے فرار کیوں ہونا چاہتی ہیں؟ کراچی میں میئر کا انتخاب ڈائریکٹ ہونا چاہئے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ عوام سے ڈرتے ہیں انہوں نے شہر میں کوئی کام نہیں کیا، 18 سال پہلے پانی کے منصوبے کا آغاز ہوا تاحال مکمل نہ ہوسکا، جن جاگیرداروں اور وڈیروں کے خلاف تھے انکی گود میں بیٹھ گئے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نے کراچی کو ہمیشہ دھوکہ دیا عوام تنگ آچکے ہیں اس لئے الیکشن ضروری ہے، کل الیکشن ہوگا کسی نے سازش کی تو بھرپور جواب دیا جائیگا۔ عزت کے ساتھ الیکشن کرائیں نہیں تو ذلت کے ساتھ کروانا پڑے گا، پیپلز پارٹی کے اپنے لوگ انتخابات کروانے کے حق میں ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ایک دوسرے کو بھارتی ایجنٹ کہنے والے یکجان ہوگئے ہیں، شہر میں کوئی توانا آواز ہے تو وہ صرف جماعت اسلامی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔