عمران خان کا مبینہ بیٹی ٹیریان کو چھپانے کا کیس، جمائما کا ڈیکلیریشن عدالت میں جمع

نمائندہ ایکسپریس  جمعرات 19 جنوری 2023
جمائما نے ٹیریان کی گارڈین شپ قبول کرنے سے انکار کردیا تھا (فوٹو : فائل)

جمائما نے ٹیریان کی گارڈین شپ قبول کرنے سے انکار کردیا تھا (فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کو مبینہ بیٹی ٹیریان جیڈ وائٹ کو کاغذات نامزدگی میں چھپانے پر نااہل قرار دینے کی درخواست پر جواب داخل کرانے کے لیے 27 جنوری تک مزید مہلت دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے شہری ساجد محمود کی جانب سے عمران خان نااہلی کیس کی سماعت کی۔ پٹیشنر کی جانب سے سینئر وکیل سلمان اسلم بٹ نے بھی وکالت نامہ جمع کروادیا۔

ٹیریان کی گارڈین شپ سے متعلق عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما کا 18 نومبر 2004ء کاڈیکلیریشن بھی پٹیشن کے ساتھ ریکارڈ کا حصہ بنا دیا گیا۔ ڈیکلریشن میں جمائما نے ٹیریان وائٹ کی گارڈین شپ اپنے پاس رکھنے سے انکار کرتے ہوئے کیرولنا وائٹ کو دینے کا کہا تھا۔

عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ابتدائی جواب جمع کرانا چاہتے ہیں مگر آفس نے اعتراضات عائد کیے ہیں کہ بائیو میٹرک کے لیے عمران خان کو خود آنا پڑے گا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ اب تو بائیو میٹرک کی تصدیق کے لیے مختلف آؤٹ لیٹس موجود ہیں، آپ اور آپ کے کلائنٹ اتنے بااثر ہیں کہ بائیو میٹرک مشین گھر پر ہی منگوالیں اور اس کی رسید ساتھ لگا دیں۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا عمران خان نے استعفی دے دیا اور اب رکن قومی اسمبلی نہیں رہے، ابتدائی بیان جمع کرانے کے لیے مہلت دی جائے۔ عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے جواب کی پیشگی کاپی پٹیشنر کے وکیل کو فراہم کرنے کی ہدایت کی اور سماعت 27 جنوری تک ملتوی کر دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔