لیونل میسی کی ٹیم نے رونالڈوکی سعودی آل اسٹارز کوشکست دے دی

ویب ڈیسک  جمعـء 20 جنوری 2023
اسٹار فٹبالرز میسی اور رونالڈو کے درمیان فٹبال ورلڈ کپ کے بعد یہ پہلا میچ تھا:فوٹو:فائل

اسٹار فٹبالرز میسی اور رونالڈو کے درمیان فٹبال ورلڈ کپ کے بعد یہ پہلا میچ تھا:فوٹو:فائل

ریاض: سعودی عرب میں کھیلے گئے کلب میچ میں لیونل میسی کی ٹیم نے رونالڈو کی ٹیم کو شکست دے دی۔

گزشتہ دنوں قطر میں کھیلے گئے فٹبال ورلڈ کپ کے بعد فٹ بال کے دونوں عظیم کھلاڑی کرسٹیانو  رونالڈ اورلیونل میسی سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں کھیلے گئے کلب میچ میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض کے شاہ فہد اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لیونل میسی کی قیادت میں پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) نے کرسٹیانو رونالڈو کی قیادت میں سعودی آل اسٹارز ٹیم کو 4 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے دی۔ نیویارک کے ٹائمزاسکوائرسے الریاض بلیوارڈ تک پی ایس جی اورسعودی ٹیم کا میچ براہ راست دکھایا گیا۔ لندن، قاہرہ اور کویت میں بھی میچ بڑی اسکرینوں پر دکھایا گیا۔

الریاض کے النصرکلب کے ساتھ معاہد ے کے بعد  پرتگال کے اسٹرائیکر رونالڈوکا یہ پہلا میچ تھا۔ لیونل میسی کی قیادت میں پیرس سینٹ جرمین کے مدمقابل سعودی آل اسٹار ٹیم النصر اور ہلال کلب کے کھلاڑیوں پر مشتمل تھی۔

مزید پڑھیں: میسی بمقابلہ رونالڈو؛ اسٹار فٹبالرز آج ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گے

میسی نے سعودی آل اسٹارز کے خلاف ابتدائی تین منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی ۔کرسٹیانو رونالڈو نے پیرس سینٹ جرمین کے گول کیپرکیلورنواس کے ساتھ ٹکرکے بعد پیلنٹی حاصل کی اور پہلے ہاف کے آخر میں پینلٹی پرگول کر کے میچ برابر کر دیا۔

پہلے ہاف کے اختتام سے قبل پی ایس جی کے مارکوئنہوس نے گول کرکے اسکورکو 2-1 کردیا۔اس کے بعد رونالڈو نے اضافی وقت میں ایک بار پھرگول کرکے میچ برابرکردیا۔

دوسرے ہاف کے آغاز میں سرجیو راموس نے کیلیان ماپے کی مدد سے پی ایس جی کی طرف سے تیسرا گول کیا۔اس کے چند منٹ ہی بعد ہی الہلال کے ‘جنگ ہیون سو’ نے ایک اور گول کرکے سعودی اسٹارزکے لیے برابری حاصل کرلی۔

ماپے نے پی ایس جی کی جانب 60 ویں منٹ میں چوتھا گول کردیا۔78ویں منٹ میں پی ایس جی کی ٹیم نے ایک اور گول کردیا اور اسکور 5-3 کردیا۔ اس کے بعد النصرکے تالیسکا نے 93 ویں منٹ گول کردیا اورپی ایس جی نے 4 کے مقابلے میں 5 گول سے فتح حاصل کی ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔