پشاور؛ پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکا، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

ویب ڈیسک  اتوار 22 جنوری 2023
جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں، پولیس (فوٹو: فائل)

جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں، پولیس (فوٹو: فائل)

 پشاور: خیبر پختون خوا کے صوبائی دارلحکومت پشاور میں پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور کے علاقے بڈھ بیر چوکی شیخان کے قریب پولیس کی گاڑی کو دھماکا خیز مواد کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے باعث چوکی انچارچ ناصر خان کی گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تھانہ بڈھ بیر کے چوکی شیخان کے انچارج ناصر خان گشت پر موجود تھے کہ اچانک بم پھٹ گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہ ہوا، البتہ جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کا کہنا ہے کہ دھماکا میں ایک کلو گرام کے قریب بارودی مواد استعمال کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔