2019 کے مقابلے اس ورلڈکپ میں زیادہ چیلنجز درپیش ہیں، انگلش کپتان

ویب ڈیسک  بدھ 25 جنوری 2023
انگلینڈ کی ٹیم بھارت میں 50 اوورز کے ورلڈکپ کا دفاع کرے گی (فوٹو: فائل)

انگلینڈ کی ٹیم بھارت میں 50 اوورز کے ورلڈکپ کا دفاع کرے گی (فوٹو: فائل)

انگلینڈ کے وائٹ بال ٹیم کے کپتان جوز بٹلر کا کہنا ہے کہ بھارت میں شیڈول 50 اوورز کے ورلڈکپ کے ٹائٹل کا دفاع کرنے کیلئے بہت چیلنجز کا سامنا ہے۔

انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے کہا کہ اکتوبر میں ٹورنامنٹ شروع ہونے سے پہلے صرف 13 ون ڈے شیڈول ہیں، ہماری ٹیم کے پاس سال 2019 کے مقابلے میں زیادہ “چیلنجز” ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈکپ سے قبل ٹیم کے پاس زیادہ میچز نہیں اس لیے کوشش ہے کہ کچھ پوزیشنز کو واضح کریں اور کھلاڑیوں کو اعتماد دیں۔

انگلش ٹیم کو جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ اور آئرلینڈ سے مقابلہ ہونا ہے اور اس بات کا امکان بہت کم ہے کہ بٹلر فل اسٹرینتھ ٹیم کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز نیوزی لینڈ کی ٹیسٹ سیریز ختم ہونے کے محض ایک روز بعد شروع ہوگی جس کے باعث بین ڈکٹ، ول جیکس، ہیری بروک، اولی اسٹون اور جو روٹ جیسے کھلاڑیوں کی شمولیے کے امکانات کم ہیں۔

خیال رہے کہ سال آئن مورگن کی قیادت سے دستبراری کے بعد جوز بٹلر کو انگلش ٹیم کی کمان سونپی گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔