شاہد خاقان عباسی پارٹی کا اثاثہ ہیں جلد ملاقات کروں گی مریم نواز
مریم نواز نے شاہد خاقان عباسی کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروا دی
پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ شاہد خاقان عباسی ہماری پارٹی کا اثاثہ ہیں اور ان سے جلد ملاقات کروں گی۔
مسلم لیگ ن کے پارٹی سیکریٹریٹ ماڈل ٹاون میں اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس کی صدارت چیف آرگنائزر مریم نواز نے کی۔ اجلاس میں مریم نواز کے تنظیمی دوروں کے حوالے سے مشاورت اور شاہد خاقان عباسی کے پارٹی عہدے سے مستعفی ہونے کی گونج رہی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق مریم نواز نے پارٹی رہنماؤں کو شاہد خاقان عباسی کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔
مزید پڑھیں؛ (ن) لیگ نے شاہد خاقان عباسی کے مستعفی ہونے کی تصدیق کردی
پارٹی کو مستحکم کرنے کے لیے مریم نواز نے رہنماؤں سے تجاویز بھی مانگی ہیں، عمران خان کے بیانیے پر مسلم لیگ ن اپنا ایک نیا بیانیہ سامنے لائے گی۔
اجلاس میں لیگی رہنما محمد زبیر، انوشہ رحمان، عظمیٰ بخاری، ملک احمد خان، طلال چوہدری، عابد شیر علی، میاں جاوید لطیف سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت، کی جبکہ سوشل میڈیا کی ٹیموں کے سربراہان نے بھی خصوصی شرکت کی۔
واضح رہے کہ شاہد خاقان عباسی نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دینے کی تردید کی تھی جبکہ مریم نواز اور نواز شریف کے ترجمان محمد زبیر نے شاہد خاقان عباسی کے سینیئر نائب صدر کے عہدے سے مستعفی ہونے کی تصدیق کی ہے۔