میڈیا سے اوجھل رہ کر ثانیہ مرزا کی پاکستان میں سیرو تفریح

پاکستان میں جب بھی انٹرنیشنل ایونٹ ہوا ضرور حصہ لوں گی،یہاں قیام کے دوران سیکیورٹی کاکوئی خوف محسوس نہیں ہوا، ثانیہ


سلیم خالق April 09, 2014
پاکستان میں جب بھی انٹرنیشنل ایونٹ ہوا ضرور حصہ لوں گی،یہاں قیام کے دوران سیکیورٹی کاکوئی خوف محسوس نہیں ہوا، ثانیہ فوٹو: اے ایف پی/فائل

میڈیا کی نظروں سے اوجھل رہنے والی بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزاکئی روز پاکستان میں قیام کے بعد بدھ کو واپس روانہ ہو جائیں گی،انھوں نے سیالکوٹ میں شوہر شعیب ملک اور سسرال والوں کے ساتھ وقت گزارا۔

ثانیہ کے مطابق اس بار دورے میں زیادہ لطف آیا، سڑک کنارے چنا چاٹ کھایا،دل بھر کر شاپنگ اورسیرو تفریح کی،مصروف سیزن شروع ہونے سے قبل پاکستان آ کر تازہ دم ہونے کا موقع ملا، انھوں نے ورلڈٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں بھارت کی شکست پر افسوس ظاہر کیا، وہ شعیب کی جلد فارم میں واپسی کیلیے پُرامید ہیں، ان کے مطابق پاکستان میں جب بھی کوئی انٹرنیشنل ٹینس ایونٹ ہوا ضرور حصہ لیں گی، انھیں یہاں قیام کے دوران سیکیورٹی کا کوئی خوف محسوس نہیں ہوا۔ تفصیلات کے مطابق ثانیہ مرزا چند روز قبل شعیب ملک کے ساتھ دبئی سے لاہور آئیں اور پھر سیالکوٹ چلی گئیں، اس دورے کا صرف اہل خانہ اور چند قریبی افراد کو ہی علم تھا،اب وہ بدھ کو واپس روانہ ہو جائیں گی، گذشتہ روز ثانیہ مرزا نے نمائندہ ''ایکسپریس'' کو خصوصی انٹرویو دیا۔

انھوں نے کہا کہ یہ ایک مختصرگھریلو دورہ تھا جس میں زیادہ تر وقت سیالکوٹ میں گذرا،ٹینس مصروفیات میں سے3،4 ہفتے کی فرصت ملی تو سسرال آ گئی، یہاں شعیب، اپنی ساس اور دیگر اہل خانہ کے ساتھ رہی، اب18اپریل کو یورپ روانہ ہونا ہے، وہاں میڈرڈ، روم اور برسلز سمیت کئی شہروں میں ٹینس ٹورنامنٹس ہوں گے، ثانیہ مرزا نے کہا کہ سیالکوٹ میں بہت انجوائے کیا، چونکہ یہ دورہ میڈیا سے اوجھل رہا اس لیے آزادی سے گھومی پھری، چنا چاٹ کھایا، شعیب کے ایک عزیز کی شادی میں شریک ہوئی، خوب شاپنگ کی، اس دوران دکاندار پہچان تو لیتے مگر شائد انھیں یقین نہ آتا کہ میں پاکستان آئی ہوئی ہوں، وہ سمجھتے کہ کسی لڑکی کی ثانیہ سے شکل مل رہی ہو گی، پھر جب شعیب کو ساتھ دیکھتے تو آٹوگراف اور فوٹوگراف کی باتیں شروع ہو جاتیں، مجھے یہاں اپنے قیام کے دوران کوئی پریشانی نہ ہوئی اور سب نے بہت عزت واحترام دیا۔

ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ شعیب کو میں ہمیشہ سپورٹ کرتی رہتی ہوں، وہ گذشتہ کئی برس سے انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہے ہیں، انھیں بخوبی علم ہے کہ کیریئر میں اتار چڑھائو آتا رہتا ہے، ورلڈ20 ٹوئنٹی میں وہ اچھا پرفارم نہیں کر سکے لیکن جلد فارم میں آ جائیں گے، انھیں انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا میں لیگز بھی کھیلنی ہیں، اس دوران کارکردگی بہتر بنانے کا موقع ملے گا،مجھے امید ہے کہ اگلی بار جب وہ پاکستان کیلیے کھیلیں گے تو ماضی جیسی فارم نظر آئے گی، ثانیہ نے کہا کہ میں ورلڈ ٹی 20کے وقت امریکا میں تھی، ٹائم کے فرق کی وجہ سے زیادہ میچز دیکھنے کا موقع نہ مل سکا، البتہ بھارت اور سری لنکا کا فائنل پاکستان میں دیکھا، ہماری ٹیم نے پورے ایونٹ میں اچھا پرفارم کیا مگر ایک آف ڈے آیا جس میں ٹرافی نہ جیت سکی، اس کے باوجود مجموعی طور پر بھارت نے ایونٹ میں عمدہ پرفارم کیا۔

پاکستان میں ٹینس کھیلنے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ بدقسمتی سے یہاں حالات کی وجہ سے کوئی انٹرنیشنل ایونٹ ہی نہیں ہوتا جس میں حصہ لوں، میں نے 13 برس کی عمر میں اپنا پہلا ٹورنامنٹ اسلام آباد میں ہی کھیلا تھا، اب بھی موقع ملا تو ضرور کھیلوں گی۔ ثانیہ مرزا نے کہا کہ پاکستان میں قیام کے دوران مجھے سیکیورٹی کا کوئی خوف محسوس نہیں ہوا، سیالکوٹ ویسے بھی خاموش سا شہر ہے یہاں بہت اچھا وقت گذرا، اب جب وقت ملا تو دوبارہ زیادہ دنوں کیلیے آئوں گی، آپ بیتی کے بارے میں انھوں نے بتایا کہ اس کی ایڈیٹنگ کا کام جاری ہے، نومبر، دسمبر تک شائع ہو جائے گی۔