پی ٹی آئی کا حکومت کی دعوت پر آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت پر غور

ویب ڈیسک  ہفتہ 4 فروری 2023
اے پی سی میں شرکت کے لیے پارتی نمائندہ منتخب کرنے کے لیے چوہدری شجاعت نے عمران خان کو مشورہ دیدیا (فوٹو فائل)

اے پی سی میں شرکت کے لیے پارتی نمائندہ منتخب کرنے کے لیے چوہدری شجاعت نے عمران خان کو مشورہ دیدیا (فوٹو فائل)

 لاہور: پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کی جانب سے دعوت کے بعد آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت پر غور شروع کردیا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: عمران خان حکومتی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے، اسد عمر

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے اے پی سی میں شرکت کے لیے شیخ رشید احمد اور اعظم سواتی کو بطور پارٹی نمائندہ نامزد کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے مشورہ دیا ہے کہ اے پی سی میں شیخ رشید احمد اور اعظم سواتی کو پارٹی کی نمائندگی کرنی چاہیے۔

فواد چوہدری کی جانب سے دیے گئے مشورے میں کہا گیا ہے کہ شیخ رشید سابق وزیر داخلہ رہ چکے ہیں،وہ سکیورٹی صورت حال سے بخوبی واقف ہیں۔ ذرائع کے مطابق نمائندگی کے لیے اعظم سواتی کا نام بھی دیا گیا ہے، ان سے متعلق کہا گیا ہے کہ وہ سینئر سیاست دان ہیں اور  اے پی سی میں پارٹی کی بہترین نمائندگی کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نے آل پارٹی کانفرنس طلب کرلی، عمران خان کو بھی شرکت کی دعوت

عمران خان  سے وابستہ ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ سیاسی قیادت کو ملک کو درپیش اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا اندازہ ہی نہیں ہے۔خیبرپختونخوا میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی سے متعلق ہمارے لوگ بار بار توجہ دلاتے رہے۔ ہماری بات سننے کے بجائے ہمارے ارکان پر غداری اور بغاوت کے مقدمات درج کیے جارہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق موجودہ حکومت میں ہر معاملے پر سنجیدگی کا فقدان ہے۔ یہ اس معاملے میں بھی فوٹو شوٹ کی حد تک سنجیدہ ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔