جامعہ کراچی کینٹین اور فوٹو کاپی دکانوں کی الاٹمنٹ میں بے قاعدگیاں

شعبہ فارمیسی کے سامنے سڑک سے صرف چند گزدور ایک ساتھ 4 کینٹنیں قائم کردی گئیں، ٹریفک بھی جام رہنے لگا


Staff Reporter April 10, 2014
جامعہ کراچی میںایک ساتھ قائم کی جانے والی 4 کینٹین فوڈ اسٹریٹ کا منظر پیش کررہی ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

جامعہ کراچی کی سابق رئیس کلیہ فنون پروفیسرملاحت کلیم شیروانی کی جانب سے یونیورسٹی میں کینٹین اورفوٹوکاپی کی دکانوں کی الاٹمنٹ اورتعمیر میں بے قاعدگیاں سامنے آئی ہیں۔

جامعہ کراچی میں بغیرکسی منصوبہ بندی کے مختلف مقامات پر کینٹین اورفوٹو کاپی کی دکانیں کھلوادی گئی ہیں، کینٹین کھولنے کے لیے جگہ کے تعین کے حوالے سے اصول وضوابط کوملحوظ خاطر نہیں رکھاگیااور جامعہ کراچی کی مرکزی شاہراہ پر شعبہ فارمیسی کے سامنے سڑک سے صرف چندگزدورایک ساتھ 4کینٹین قائم کردی گئی ہیں، پرانی کینٹین کی شفٹنگ کے نام پرنئی کینٹینوںکی بندربانٹ بھی کی گئی ہے جس کے سبب شعبہ فارمیسی اوراس سے ملحقہ سڑک کسی تعلیمی ادارے کے بجائے ''فوڈاسٹریٹ''میں تبدیل ہوگئی ہے، شعبہ فارمیسی کے سامنے سڑک سے محض چند گزدورپرکینٹین کھولنے کی اجازت دیے جانے کے سبب اس جگہ پرہروقت طلبا وطالبات کارش لگا رہتا ہے، شعبہ فارمیسی کی شاہراہ پرہروقت ٹریفک جام رہتاہے۔

ٹریفک جام سے گاڑیوں کی آوازوں اور''ہارن''بجنے سے شعبہ فارمیسی میں تدریسی عمل بھی متاثرہونے لگاہے جبکہ ٹریفک جام اورطلبہ و طالبات کے رش کے سبب وہاں کوئی ناخوشگوار حادثہ بھی رونماہوسکتاہے، واضح رہے کہ یہ وہ جگہ ہے کہ جہاں سے اکثر غیر ملکی وفود گزرکردورے کے لیے جامعہ کراچی کی انتظامی عمارت میں آتے ہیں جوشعبہ جات کے نظارے کے بجائے کینٹینوں پرمشتمل اس فوڈ اسٹریٹ کانظارہ کرتے ہیں، یاد رہے کہ جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے پروفیسر ڈاکٹر ابوذرواجدی کے چارج چھوڑنے کے بعد کینٹین کمیٹی کا چارج سابق رئیس کلیہ فنون پروفیسرملاحت کلیم شیروانی کودے دیاتھا جواس حوالے سے ناتجربہ کارتھیں۔

چارج لینے کے فوری بعد بغیرکسی پیشگی منصوبہ بندی کے انھوں نے شعبہ زولوجی اورشعبہ کیمسٹری سے کینیٹیزختم کرواکے اسے کلیہ فارمیسی کے سامنے انتہائی مصروف شاہراہ کے کنارے منتقل کردیا، سڑک سے صرف چند گزدوردوپرانی کینٹینز منتقل کی گئی اوراسی بہانے وہاں ایک نئی کینٹین بھی قائم کرادی گئی جبکہ ایک علیحدہ کینیٹن کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول کی نئی عمارت کے قریب عمارت سے پہلے ہی لب سڑک قائم کی گئی ہے جوفوٹوکاپی شاپ سے ملحق ہے، سڑک سے اترکرجب کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول کی جانب جاناہوتوعمارت بعدمیں آئے گی اور اس شعبہ کے لیے قائم فوٹو کاپی شاپ اورکینٹین پہلے موجودہوگی،شعبہ کامرس کے قریب قائم پرانی فوٹوکاپی شاپ کوکراچی یونیورسٹی بزنس اسکول منتقل کیاگیااوروہاں ایک نئی شاپ کھلوادی گئی، قابل ذکرامریہ ہے کہ نئی کھولی گئی فوٹوکاپی شاپ اورکینٹین کے لیے بھی اشتہار دیا گیا اور نہ ہی ٹینڈرہوئے اورپہلے سے موجود درخواستوں میں سے پسند ناپسندکی بنیادپرکینٹیزکھلوادی گئی۔