کرکٹ کا مزہ کرکرہ بد ترین ٹریفک انتظامات نے رنگ میں بھنگ ڈال دیا

ٹریفک پولیس افسران کی ناقص حکمت عملی سے سیکڑوں شہری منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرنے پر مجبور


Staff Reporter February 15, 2023
ٹریفک پولیس کی ناقص حکمت عملی اور غفلت کے باعث یونیورسٹی روڈپر ہزاروں گاڑیاں ٹریفک جام میں پھنسی ہوئی ہیں۔ فوٹو : ایکسپریس

نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والی پاکستان سپر لیگ سیزن 8 کے میچز کے دوران سڑکوں کی بندش اور ٹریفک کے متبادل راستوں پر ٹریفک پولیس کی ناقص حکمت عملی نے شہریوں کی بہت بڑی تعداد کو بدترین ٹریفک جام سے دوچار کر دیا۔

نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والی پی ایس ایل سیزن 8 کے میچز کی سیکیورٹی کے باعث پولیس نے حسن اسکوائر سے اسٹیڈیم کے لیے جانے والی شاہراہ کو میچ شروع ہونے سے قبل ہی بند کر دیا جبکہ ملحقہ علاقوں میں سڑکوں پر جاری ترقیاتی کاموں، ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں اور سیوریج کے جمع ہونے والے پانی نے ٹریفک کا نظام درہم برہم کر دیا جس کے باعث دفاتر اور دیگر کام کاج کے بعد گھروں کو جانے والے شہریوں کو اعصاب شکن صورتحال کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

یونیورسٹی روڈ جیل چورنگی سے براستہ حسن اسکوائر تا نیپا چورنگی ، نیوٹاؤن سے اسٹیڈیم فلائی اوور اور وہاں سے براستہ ڈالمیا میلینئم مال تک جبکہ یونیورسٹی روڈ حسن اسکوائر سے جیل چورنگی تک تمام سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام دیکھنے میں آیا جس سیکڑوں گاڑیاں پھنسی ہوئی دکھائی دیں ، بدترین ٹریفک جام میں پھنسے ہوئے شہریوں کا کہنا تھا کہ کرکٹ میچوں کا انعقاد خوش آئند ہے۔

ٹریفک پولیس کے افسران متبادل راستوں کیوں تعینات نہیں، صرف چند افسران سڑکوں پر کھڑے کرکے کام چلایا جارہاہے، شہریوں کی بڑی تعداد نے منٹوں کا سفر انتہائی مشکل ترین صورتحال کے دوران گھنٹوں میں طے کیا جبکہ اس دوران کئی گاڑیوں میں ایندھن ختم ہونے کی وجہ سے شہریوں کو دوہری مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑا،طلبا اور اسپتال جانے والے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔