کراچی میں کھیلوں و تفریحی سرگرمیوں کا فروغ ضروری ہے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ

کراچی جیم خانہ میں اسنوکر اکیڈمی کے لیے زمین کی فراہمی کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط۔


Staff Reporter September 16, 2012
کشمیر اسپورٹس کمپلیکس میں فٹبال اسٹیڈیم زیرتعمیر،لانڈھی اسپورٹس کمپلیکس مکمل ہوگیا فوٹو: فائل

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سید نے کہا ہے کہ شہر میں انفرااسٹرکچر کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں کا فروغ ضروری ہے۔

جو اس پرآشوب دور میں نوجوانوں کو مثبت تعمیری اور صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے اور ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، یہ بات انھوں نے کراچی جیم خانہ میں سندھ اسنوکر اکیڈمی کے لیے پاکستان بلیئرڈز اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کو زمین کی فراہمی کیلیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ایسوسی ایشن کی طرف سے صدر عالمگیر شیخ نے دستخط کیے، اس موقع پر سیکریٹری یوتھ افیئرز سندھ شعیب صدیقی، سی پی ایل سی کے چیئرمین احمد چنائے ، کراچی جیم خانہ کے صدر علی رحیم، سینئر ڈائریکٹر کلچر اسپورٹس اینڈ ریکری ایشن محمد ریحان خان اور دیگر معززین شہر اور میڈیا کے نمائندوں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

انھوں نے کہا کہ اسنوکر اکیڈمی کے قیام کے بعد نہ صرف اچھے کھلاڑی پیدا ہوں گے بلکہ یہ اکیڈمی آئندہ کی ضروریات بھی پوری کرے گی،کشمیر روڈ اور ایم اے جناح روڈ کے سنگم پر سوا دو ہزار گز کا پلاٹ 25 سال کی لیز پر اکیڈمی کو فراہم کیا گیا ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کراچی میں رفاہی پلاٹوں کو غلط استعمال کیا گیا ہے ،انھوں نے کہا کہ کشمیر روڈ اسپورٹس کمپلیکس میں فٹبال اسٹیڈیم بھی تعمیر کیا جا رہا ہے۔