امریکا جانتا ہے پاکستان عالم اسلام میں مضبوط ملک ہے حمید گل

امریکہ ہمیشہ بے وقوف بنا، افغانستان میں جلد طالبان حکومت بنائینگے، تمام دھڑے مل جائینگے


Monitoring Desk April 11, 2014
1989، بینظیر نے کہا جلال آباد پر قبضہ کرلیں مگر یہ ہماری پالیسی نہیں تھی،فیس ٹوفیس میں گفتگو۔ فوٹو: فائل

KARACHI: آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل (ر)حمید گل نے کہا ہے کہ تمام اسلامی ملکوں میں سے پاکستان سب سے مضبوط ملک ہے اور امریکہ یہ جانتا ہے۔

شیعہ سنی فساد ختم کیا جاسکتا ہے اور نوازشریف اس میں اہم کردار اداکرسکتے ہیں ۔ افغانستان کے تمام دھڑے آپس میں مل جائیں گے، الیکشن کے بعد جو بھی آئیگا وہ امریکہ کے ساتھ دوطرفہ سیکورٹی کا کوئی معاہدہ نہیں کریگا۔ نیشنل شوریٰ بلائی جائیگی جس میں تمام افغان دھڑوں کا آپس میں ملاپ ہوجائیگاکیونکہ یہ سب جہادی سوچ کے مالک ہیں۔ایکسپریس نیو زکے پروگرام فیس ٹو فیس میں میزبان ڈاکٹر معیدپیرزادہ سے انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ تاریخ میں امریکہ ہمیشہ بے وقوف بنا ہے اور اس مرتبہ افغانستان میں بھی بنے گا ۔سارے الیکشن میں طالبان نے کچھ نہیں کیا طالبان کی رسائی کابل تک تھی اوریہ سب ایک ڈیل کے ذریعے ہوا ہے اس کے بغیر ہوہی نہیں سکتا تھا۔افغان اپنے روئیوں میں بہت زیادہ آزاد ہیں، افغانیوں نے ایک گرائونڈ بنائی ہے تاکہ امریکہ تسلی سے یہاں سے چلا جائے۔

افغانستان میں جلد طالبان حکومت بنائیں گے طالبان کی حکومت کا کم بیک ملا عمر کی واپسی نہیں ہے بلکہ شریعت کی واپسی ہے۔افغان قوم کا یہ خاصہ ہے کہ یہ آپس میں لڑبھی رہے ہوتے ہیں اور ایکدوسرے سے رابطے میں بھی رہتے ہیں ان کی آپس میں انڈرسٹینڈنگ بہت ہوتی ہے بہت جلد افغانستان میں نیشنل شوریٰ بلائی جائیگی اس کو جرگہ نہیں کہا جائیگا۔ امریکا افغانستان میں ناکام ہوچکا ہے اور جو نظام دے کر جارہا ہے وہ ختم ہوجائیگا لیکن افغانستان میں امن قائم ہوجائیگا۔1989 میں مجھے بینظیر بھٹو نے کہا کہ آپ جلال آباد پر قبضہ کرلیں لیکن میں نے کہا کہ یہ ہماری پالیسی نہیں ہے ہم نے صرف کابل پر ایک دبائو رکھنا ہے، 5 مارچ 1989 کو ہونیوالی افغان سیل کی میٹنگ میں امریکی سفیر موجود تھا اشرف جہانگیر قاضی بھی موجود تھے وہ بھی میری بات کی تصدیق کرسکتے ہیں۔

بنیادی طورپر یہ نظاموں کی کشمکش ہے ایک نظام ہار رہا ہے دوسراجیت رہا ہے ،نئے نظام نے آنا ہے۔جب مذہب مکمل ہوا تھا تو اس وقت سب مسلمان تھے ،مجھے امریکا سے نہیں اپنے لوگوں سے خطرہ محسوس ہورہا ہے کہ یہ آئین پاکستان کے مطابق شریعت کا نفاذ چاہیں گے، اگر قراردادمقاصد پر عمل کیا جائے تو بہت سے مسائل حل کئے جاسکتے ہیں۔امریکہ نے نائن الیون کا ڈرامہ اسلام کے خلاف جنگ کے آغاز کے لیے کیا تھا اور ایبٹ آباد آپریشن کا ڈرامہ اس جنگ کے اختتام کے لیے کیا گیا ۔امریکا سمجھ گیا ہے کہ وہ افغانستان میں مزید نہیں ٹھہر سکتا اسی لیے اپنے آپ کو پاکستان میں پھیلا رہا ہے۔