انسٹاگرام نے براڈ کاسٹ چینلز نامی فیچر متعارف کرادیا
یہ فیچر فی الحال امریکا کے کچھ تخلیق کاروں کے لیے آزمائشی بنیادوں پر متعارف کرایا گیا ہے
میٹا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر مارک زکر برگ نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر'براڈ کاسٹ چینلز' نامی فیچر متعارف کرادیا۔ فیچر متعارف کرائے جانے کے ساتھ ہی سربراہ میٹا نے 'میٹا چینل' بھی متعارف کرایا ہے۔
براڈ کاسٹ چینلز 'ون-ٹو-مینی(ایک ذریعے سے کئی تک)' پیغام رسانی کا ایک ایسا فیچر ہے جس کی مدد سے تخلیق کار اپنے فالوورز کے ساتھ ٹکسٹ، ویڈیو اور تصاویر شیئر کر سکیں گے۔اس کے ساتھ یہ ایپ میں ایک طرفہ پیغام رسانی کے ایک طریقے کا بھی اضافہ ہے۔
چینلز میں لکھے ہوئے پیغامات کے علاوہ، تصاویر، پولز، ری ایکشن اور دیگر فیچرز بھی شامل ہیں۔ یہ بالکل ویسے ہی ہے جیسے ابھی تخلیق کار اسٹوریز کا استعمال کرتے ہیں۔
تاہم، یہ فیچر ابھی امریکا کے کچھ تخلیق کاروں کے لیے آزمائشی بنیاد پر متعارف کرایا گیا ہے اور آئندہ مہینوں میں عام صارفین کے لیے اس فیچر کا متعارف کرایا جانا متوقع ہے۔
سربراہ میٹا کے مطابق کمپنی یہ فیچر میسنجر اور فیس بک پر متعارف کرانے کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔