فوجداری کارروائی کیس عمران خان کو پھر استثنا مل گیا فرد جرم 28 فروری تک مؤخر

عمران خان آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنانے کا حکم، 28 فروری سے آگے مزید التوا نہیں ہوگا، ایڈیشنل سیشن جج


ویب ڈیسک February 21, 2023
(فوٹو فائل)

توشہ خانہ ریفرنس میں فوجداری کارروائی کے کیس میں عمران خان کو ایک بار پھر حاضری سے استثنا مل گیا جس کے بعد فرد جرم کی کارروائی 28 فروری تک مؤخر کردی گئی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کی جانب سے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کے خلاف فوجداری کارروائی کے کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عمران خان کے وکیل بیرسٹر گوہر ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کے روبرو پیش ہوئے اور عمران خان کی جانب سے حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کردی۔

عدالت نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ آج پھر استثنا کی درخواست ہے ؟اب ان کو کہیں کہ وہ پیش ہو جائیں۔ وکیل نے جواب دیا 28 فروری کو عمران خان کا ایکسرے ہو جائے گا۔ ایڈیشنل سیشن جج نے ریمارکس دیے کہ اس طرح رہا تو یہ ٹرائل ہوتا نظر نہیں آرہا ۔ وکیل نے بتایا کہ کل بھی عمران خان بڑی مشکل سے لاہور ہائی پہنچے تھے ، جس پر جج نے کہا کہ اسی مشکل سے ان کو یہاں بھی آنا تو پڑے گا ۔

ایڈیشنل سیشن جج نے کہا کہ پمز سے ان کی تصدیق کروا لیتے ہیں۔ کوئی مجھے ایم ایل سی تو دکھائیں انجریز کی نوعیت کیا ہے ؟۔ کون سی انجری عمران خان کو آئی ہے وہ تو دکھا دیں۔ دوران سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل نے میڈیکل بورڈ بنانے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ کل بھی عمران خان وہیل چیئر پر نہیں بلکہ خود چل کر لاہور ہائیکورٹ پیش ہوئے۔

جج نے ریمارکس دیے کہ 9 جنوری کو سمن کرنے کا حکم دیا تھا آج 21 فروری ہو چکی ہے۔ کیس کی کاپیز ملزم کو دی جاتی ہیں، پلیڈر کو کاپیز نہیں دی جاتیں۔ آج ہم نے اسی لیے عمران خان کی ذاتی حاضری ہی رکھی ہوئی تھی۔ عدالت نے کاپیز الیکشن کمیشن کے وکیل کو واپس کردیں۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ یقین کریں ہم ہر تاریخ پر استثنا دے رہے ہیں، پتا تو چل جائے کب آئیں گے ؟۔

عمران خان کے وکیل نے بتایا کہ عدالت آج کی تاریخ کا استثنا منظور کر لے، آئندہ تاریخ پر آجائیں گے۔ یہ کچھ کیس ہی نہیں ہے، عمران خان ضرور پیش ہوں گے۔ ڈاکٹر کی تجویز اور سکیورٹی کی وجہ سے عمران خان پیش نہیں ہو رہے۔ بینکنگ کورٹ اور باقی عدالتوں میں بھی عمران خان نے پیش ہونا ہے، یہاں بھی آجائیں گے۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ اگر کیس کی نقول یہ اب لے لیں تو میں استثنا کی مخالفت نہیں کروں گا ، جس پر عمران خان کے وکیل نے جواب دیا کہ ہم نے اس کیس کے دائر اختیار سے متعلق درخواست دینی ہے۔ وکیلِ الیکشن کمیشن نے کہا کہ عدالت آئندہ سماعت فرد جرم کے لیے رکھ دے۔

عدالت نے کہا ک ہمیں 28 فروری کی تاریخ رکھ رہا ہوں اس سے آگے التوا نہیں ہو گا ۔ سیشن کورٹ اسلام آباد نے عمران خان کی استثنا کی درخواست منظور کر لی اور عمران خان پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی 28 فروری تک مؤخر کردی۔ عدالت نے عمران خان کو اگلی سماعت پر حاضری یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں