سرجانی ٹاؤن پولیس مقابلے میں اغوا کار ہلاک ٹرک ڈرائیور سمیت 3 افراد بازیاب

ملزمان قیمتی ماربل سے لدے ٹرک کے ڈرائیور، کلینر سمیت 3 افراد کواغوا کرکے جارہے تھے، پولیس کے روکنے پر فائرنگ کردی


Staff Reporter April 12, 2014
گینگ وار بادشاہ خان گروپ کاکارندہ 18سالہ عباس تاج مقابلے کے دورا ن زخمی،شہریوں سے لوٹ مارکے دوران پولیس پہنچ گئی۔ فوٹو: فائل

سرجانی ٹاؤن میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک اغوا کار مارا گیا ، پولیس نے ٹرک ڈرائیور سمیت 3 افراد کو بازیاب کرانے کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک ہونے والے ملزم کے6 ساتھی فرارہوگئے جس میں سے ایک پولیس کی فائرنگ سے زخمی ہوا ہے، بغدادی پولیس نے مقابلے کے دوران لیاری گینگ وار کے کارندے کو زخمی حالت میں گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن کے علاقے ناردرن بائی پاس سوات گرین ہوٹل کے قریب پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے میں ایک ملزم ہلاک ہوگیا جس کی لاش عباسی شہید اسپتال لائی گئی ، پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت30 سالہ یوسف آرائیں ولد نذیر احمد آرائیں کے نام سے کر لی گئی۔

پولیس کے مطابق اطلاع ملی تھی کہ نادرن بائی پاس سوات گرین ہوٹل کے قریب ملزمان دس ویلر ٹرک کو ڈرائیور، کلینر سمیت 3 افراد کواغوا کرلیا ، اطلاع پر علاقے کی ناکہ بندی کر لی گئی،پولیس نے ٹرک کو آتا دیکھ کر رکنے کا اشارہ کیا جس پر ملزمان نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی ، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم یوسف آرائیں ہلاک ہوگیا جبکہ اس کے زخمی ساتھی ذوالفقار سمیت6 ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے، ٹرک پربھاری مالیت کا ماربل سے لدا تھا۔

ملزمان ڈرائیور سعید احمد ولد غلام سرور ، امداد علی ولد اﷲ دنو اور حق نواز ولد محمد طالب کو ٹرک سمیت ہی اغوا کر کے اپنے ساتھ لے جا رہے تھے جنہیں پولیس نے بازیاب کرا لیا ، ماربل کا ٹرک پنجاب کے علاقے بہاولپور لے جایا جا رہا تھا ، پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم یوسف آرائیں کا آبائی تعلق اندرون سندھ بدین سے تھا ، پولیس نے ہلاک و فرار ہونیوالے ملزمان کیخلاف سرجانی ٹاؤن تھانے میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔

بغدادی پولیس نے موسیٰ لین سے مبینہ مقابلے کے دورا ن زخمی حالت میں لیاری گینگ وار کے کارندے 18سالہ عباس ولد بخت تاج کوگرفتار کر کے اسکے قبضے سے ٹی ٹی پستول اورچھینی ہوئی موٹر سائیکل برآمد کرلی،ایس ایچ او محمد عالم کے مطابق زخمی ملزم لیاری گینگ وار بادشاہ خان گروپ سے ہے، یہ اپنے دو ساتھیوں کے ساتھ مل کر لوگوں سے لوٹ مار کررہا تھا کہ پولیس موبائل موقع پر پہنچ گئی ،پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ شروع کردی ،پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جبکہ اسکے دو ساتھی موقع سے فرار ہوگئے۔