لاہور میں سی آئے اے اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ اجرتی قاتل ہلاک
ملزم عباس دوہرے قتل کے مقدمے میں پولیس کو نہایت مطلوب تھا
سی آئی اے چوہنگ اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں اجرتی قاتل و بھتہ خور، دوہرے قتل کا اشتہاری اور سابقہ ریکارڈ یافتہ عباس عرف باسو ہلاک ہوگیا۔
انچارج سی آئی اے چوہنگ فاروق اصغر اعوان اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ ہوئی۔ ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیم نے سندر کے علاقے میں چھاپہ مارا، جس پر اشتہاری عباس عرف باسو اور اس کے ساتھیوں نے گرفتاری سے بچنے کے لیے پولیس پارٹی پر شدید فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کی زد میں آ کر اشتہاری ملزم عباس عرف باسو زخمی ہوگیا جس کو فوری اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
ملزم عباس دوہرے قتل کے مقدمے میں پولیس کو نہایت مطلوب تھا۔ اشتہاری شوٹر عباس جس نے باپ اشرف اور بیٹے عظیم کو گھر سے باہر نکال کر سر میں گولیاں ماری تھیں، اسکی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی۔
اشتہاری شوٹر کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ شوٹرز عباس کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔