او آئی سی ممالک اقتصادی تعلقات بڑھائیں ایمبیسڈرز اینڈ ٹریڈ کانفرنس

معاشی وتجارتی تعلقات بڑھانے کیلیے تمام وسائل بروئے کارلائے جائیں،مشترکہ اعلامیہ جاری


Numainda Express April 13, 2014
معاشی وتجارتی تعلقات بڑھانے کیلیے تمام وسائل بروئے کارلائے جائیں،اعلامیہ جاری فوٹو: اے پی پی

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی دوسری او آئی سی ایمبیسڈرز اینڈ ٹریڈ کانفرنس کے موقع پر ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں او آئی سی کے ممبر ممالک پر زور دیا گیا ہے کہ وہ معاشی و تجارتی تعلقات بڑھانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔

اعلامیہ میں او آئی سی کے رکن ممالک کے سفیروں نے لاہور چیمبر پر زور دیا کہ وہ ممبرریاستوں کے درمیان تجارتی و معاشی تعلقات مستحکم کرنے کے لیے کردار ادا کرے۔ کانفرنس کے شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ او آئی سی ممالک کی باہمی تجارت کو فروغ دینے اور ان کے تعلقات بہتر بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، اپنے آپس کے مسائل خود ہی نمٹانے اور مذہبی، نسلی یا ثقافتی مسائل کا پرامن حل تلاش کرنے پر توجہ دی جائے گی۔ کانفرنس کے شرکا نے او آئی سی معاہدوں اور قراردادوں کے نفاذ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔