کراچی کے چڑیا گھرمیں رکھے بنگال نسل کا چیتے کی پُراسرار موت

نعیم خانزادہ  جمعرات 2 مارچ 2023
فوٹو ایکسپریس نیوز

فوٹو ایکسپریس نیوز

  کراچی: کراچی کے چڑیا گھر میں گھر رکھا گیا چیتا گولڈن ٹبی ٹائیگر کی پُراسرار ہلاکت ہوئی جس پر ایڈمنسٹریٹر نے نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بنگال نسل کا گولڈن ٹبی ٹائیگر جمعرات کی صبح حرکت قلب بند ہونے کے باعث پنجرے میں مردہ پایا گیا، عام طور پر اس نسل کے چیتے کی عمر 20 سے 25 سال کے درمیان ہوتی ہے جبکہ ٹبی کی عمر 21 سال تھی اور یہ 2013 میں سفاری پارک سے چڑیا گھر منتقل کیا گیا تھا۔

چڑیا گھر منتقلی کے بعد ٹبی شہریوں کی توجہ کا مرکز بھی بنا اور اسے بچے، خواتین، نوجوان دیکھ کر خوش ہوتے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بہتر خوراک نا ملنے کی وجہ سے گولڈن ٹبی کی حالت کئی دنوں خراب تھی تاہم عدم تو جہ بھی موت کا سبب بنے کا خدشہ ہے اس حوالے سے  سینئر ڈائر یکٹر خالد ہاشمی سے رابط کیا لیکن انہوں نے بات نہیں کی۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کراچی چڑیا گھر میں گولڈن ٹبی ٹائیگر کی موت کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ چڑیا گھر میں گولڈن ٹبی ٹائیگر کی موت کی وجوہات معلوم کرکے فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چڑیا گھر کے جانوروں کی صحت کی دیکھ بھا ل کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا اور تمام جانوروں کی صحت کی حفاظت یقینی بنائی جائے گی۔

دوسری جانب کراچی چڑیا گھر کے افسران کی نااہلی کی وجہ سے زبوں حالی کا شکار ہو چکا ہے، چڑیا گھر کے نایاب جانور خوراک نہ ملنے کی وجہ سے مر رہے ہیں جبکہ انتظامیہ کی جانب سے بیماری کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

کراچی چڑیا گھر میں موجود واحد نایاب ہاتھی خوراک اور علاج نہ ہونے کی وجہ سے مرنے کے قریب ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔