پاکستان آمد پر انتہائی خوش ہوں وزیراعظم جنوبی کوریا

جنوبی کوریا کے کسی وزیراعظم کا پہلا دورہ پاکستان،احسن اقبال نے استقبال کیا،آج نوازشریف سے ملاقات اورمذاکرات ہونگے


Numainda Express April 14, 2014
اسلام آباد: جنوبی کوریا کے وزیر اعظم چنگ ہانگوان کی نور خان ایئربیس آمدکے موقع پر دو بچے انھیں گلدستے پیش کررہے ہیں۔ فوٹو: پی پی آئی

جنوبی کوریا کے وزیراعظم چنگ ہانگوان پاکستان کے4روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر احسن اقبال نے ائیرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔

روایتی لباس میں ملبوس 2 بچوں نے معزز مہمان کو گلدستہ پیش کیا۔ مسلح افواج کے ایک چاق وچوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ جنوبی کوریا کے وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ وہ پاکستان کا دورہ کرنے پر انتہائی خوش ہیں اور توقع کرتے ہیں ان کے اس دورے سے پاکستان اور جنوبی کوریا کے دوطرفہ تعلقات اور فروغ پائیں گے۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان جنوبی کوریا کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ 1983میں دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے اب تک جنوبی کوریا کے وزیراعظم کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔ اس دورے سے دونوں ملکوں کے دوستانہ تعلقات کو نئی جہت ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں جنوبی کوریا سے بہت کچھ کہنے کی ضرورت ہے۔ جنوبی کوریا کی برآمدات1960 میں 50ملین ڈالر سے آج 560 بلین ڈالر ہوگئیں۔ پاکستان اس دوران 200ملین ڈالر سے 25بلین ڈالر کرسکا۔ سیاسی استحکام تعلیم اور بہتر اقتصادی ایجنڈے نے فرق ڈالا، جنوبی کوریا کے وزیراعظم کا دورہ پاکستان کی بہتر اقتصادی ساکھ کا مظہر ہے۔ آن لائن نے بتایا کہ کورین وزیراعظم آج نواز شریف سے ملاقات کریں گے جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔ وہ صدر ممنون حسین سے ملاقات کے علاوہ مختلف یادگاروں کا دورہ کریں گے۔