عدلیہ کی تقسیم اور چیف جسٹس کے خلاف مہم کامیاب ہونے نہیں دینگے، عمران خان

ویب ڈیسک  جمعرات 9 مارچ 2023
مجھے نااہل کریں یا گرفتار، میچ ہم جیت چکے ہیں بس یہ زبردستی گراؤنڈ میں پچاس اوورز پورے کر رہے ہیں، صحافیوں سے ملاقات (فوٹو : فائل)

مجھے نااہل کریں یا گرفتار، میچ ہم جیت چکے ہیں بس یہ زبردستی گراؤنڈ میں پچاس اوورز پورے کر رہے ہیں، صحافیوں سے ملاقات (فوٹو : فائل)

 لاہور: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ان کا پلان ہے کہ عدلیہ کو تقسیم کرکے چیف جسٹس کے خلاف مہم چلائیں اور ہم یہ منصوبہ کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، 90 روز میں الیکشن نہ ہوئے تو ملک میں آئین و قانون نہیں رہے گا۔

سینئر صحافیوں سے ملاقات میں انہوں ںے کہا کہ دفعہ 144 ختم ہوگئی ہے ہم دوبارہ سڑکوں ہر نکلیں گے، ہم جلد انتخابی جلسے شروع کرنے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کا پلان ہے کہ عدلیہ کو تقسیم کرکے چیف جسٹس کے خلاف مہم چلائیں اور یہ منصوبہ کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، یہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل نہیں کروانا چاہتے لیکن اگر 90 روز میں الیکشن نہ ہوئے تو ملک میں آئین و قانون نہیں رہے گا۔

یہ پڑھیں : عوام میرے ساتھ ہیں اسٹیبلشمنٹ کی ضرورت نہیں ، عمران خان

عمران خان نے کہا کہ آرمی چیف سے ملاقات کا کبھی نہیں کہا، ہم چوروں سے بھی کوئی بات نہیں کریں گے تاہم میں بات چیت سے مسائل حل کرنے کا حامی ہوں، ان چوروں کا مسئلہ صرف این آر او کا حصول ہے اور مجھے معلوم ہے این آر او کے بغیر یہ کوئی بات چیت نہیں کریں گے۔

گرفتاری کے سوال پر انہوں نے کہا کہ گرفتار ہونے، نااہل ہونے سمیت ہر مشکل کے لیے تیار ہوں، 8 مارچ کے واقعات پچیس مئی کا پارٹ ٹو تھا، وہی آفیسرز کل کے واقعے میں ملوث ہیں جو پچیس مئی کو تھے۔

انہوں ںے کہا کہ ان کا منصوبہ یہ ہے کہ عمران خان گرفتار ہو یا نااہل ہو اس کے بعد ہی انتخاب کروائیں گے، مجھے نااہل کریں یا گرفتار، میچ ہم جیت چکے ہیں بس یہ زبردستی گراؤنڈ میں پچاس اوورز پورے کر رہے ہیں، یہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں مجھ پر حملے کی کوشش کررہے ہیں جب کہ میں الیکشن کے لیے تیار ہوں۔

یہ بھی پڑھیں : عمران خان کیخلاف دہشتگردی سمیت دیگر دفعات پر مقدمہ درج

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ جس انداز سے پرچے درج ہورہے ہیں لگتا ہے میرے خلاف مقدمات کی جلد سنچری ہونی والی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔