شہید صحافیوں کے اہلخانہ کو جلد پلاٹ دیے جائینگے اویس مظفر

پیپلز پارٹی اور صحافیوں کا رشتہ اٹوٹ ہے،آئی ایف جے کے وفد سے ملاقات


Staff Reporter April 15, 2014
حکومت صحافیوں کو تحفظ دے، پرویزشوکت،عالمی یوم صحافت پر ایوارڈدیے جائینگے، امین یوسف فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق صوبائی وزیر سید اویس مظفر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی آزادی اظہار اور آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے۔

ملک میں جمہوریت کی بحالی میں پیپلز پارٹی نے ہر اول دستے کا کرداراداکیا ہے اور سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، پیپلز پارٹی اور صحافیوں کا رشتہ اٹوٹ ہے، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی ہدایت پر حکومت سندھ جلد شہید صحافیوں کے اہلخانہ کو پلاٹ فراہم کریگی۔ وہ پیر کو اپنی رہائش گاہ پر انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (آئی ایف جے)، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) اور کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے )کے وفد سے بات چیت کررہے تھے۔

اس موقع پرآئی ایف جے کے ایڈوائزرپرویزشوکت، پی ایف یوجے کے صدر رانا عظیم، پی ایف یو جے کے سیکریٹری جنرل امین یوسف، کے یو جے کے صدر جی ایم جمالی،جنرل سیکریٹری واجد رضا اصفہانی اور دیگر بھی موجود تھے۔ اویس مظفر نے صحافیوں کے وفد کے اعزاز میں عصرانہ بھی دیا۔ انھوں نے کہا کہ صحافی قلم کے ذریعے سچ کی آواز کو بلند کرتے ہیں اورمعاشرے کی برائیوں کواجاگرکرتے ہیں، پاکستان خصوصاً بلوچستان کے صحافی کٹھن حالات میں کام کررہے ہیں، ان کی خدمات قابل ستائش ہیں، پیپلز پارٹی صحافیوں کے مسائل کے حل اور ان کے تحفظ کی ہر جدوجہد میں ساتھ دے گی۔ آئی ایف جے کے ایڈوائزر شوکت پرویز نے کہا کہ پاکستان صحافیوں کیلیے خطرناک ترین ملک بن گیا ہے، پاکستان میں مختلف صحافیوں کوقتل کیا گیا ہے، ڈینئل پرل اورولی بابر کے علاوہ کسی صحافی کے قاتل کوگرفتار نہیں کیا جاسکا، صحافیوں کے تحفظ کیلیے حکومت کوسنجیدہ اقدام کرناہوں گے۔ پی ایف یو جے کے سیکریٹری جنرل امین یوسف نے کہاکہ مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والے صحافیوں کو 3 مئی کو عالمی یوم صحافت کے موقع پر ایوارڈ دیے جائیں گے۔