جنوبی کوریا پاکستان میں خصوصی اکنامک زون بنائے زکریا عثمان

بہترہوتی معاشی صورتحال موقع ہے،کورین سرمایہ کارتیل، گیس اور دیگرشعبوں پرتوجہ دیں، صدرایف پی سی سی آئی


Numainda Express April 16, 2014
بہترہوتی معاشی صورتحال موقع ہے،کورین سرمایہ کارتیل، گیس اور دیگرشعبوں پرتوجہ دیں، صدرایف پی سی سی آئی۔ فوٹو: آئی این پی

HYDERABAD: ایف پی سی سی آئی کے صدر زکریا عثمان نے کہا ہے کہ جنوبی کوریا نے پاکستانی منصوبہ بندی کے ماہرین کی مدد سے بہت کم عرصہ میں مثالی ترقی کی مگر ہم غیر یقینی سیاسی صورتحال اور سرخ فیتے کا شکار ہو کر پیچھے رہ گئے، پاکستان اب بھی کوریا کے اقتصادی ماڈل پر عمل پیرا ہو کر تیزی سے ترقی کر سکتا ہے۔

جنوبی کوریا کے مرکزی چیمبر سے تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے ایم او یو پر دستخط کے موقع پرانھوں نے کہا کہ کوریا نے سالہا سال سے ساری توجہ ترقی پر مزکور رکھی اور اقتصادیات سے سیاسی مداخلت کا خاتمہ کرتے ہوئے ایس ایم ای سیکٹر کو پروان چڑھایا جس سے ہمیں بھی سبق سیکھنے کی ضرورت ہے، دونوں ممالک کے مابین دوستانہ مراسم کے باوجود باہمی تجارت 1.6ارب ڈالر سالانہ ہے جبکہ کوریا اور بھارت کی تجارت 16 ارب ڈالر سے زیادہ اور چین سے اسکی تجارت 1ارب ڈالر روزانہ کے لگ بھگ ہے، پاکستان کی معاشی صورتحال بہتر ہو رہی ہے جو کوریا اور دیگر ممالک کے سرمایہ کاروں کے لیے سنہری موقع ہے، پاکستان کا توانائی کا شعبہ 17 فیصد منافع دے رہا ہے جو بے مثال ہے۔

زکریا عثمان نے کہا کہ کوریا کا نجی شعبہ کیمیکل، توانائی اور انفرااسٹرکچر میں سرمایہ کاری کر رہا ہے جبکہ انھیں تیل اور گیس، زراعت، مشروبات، سیاحت اور دیگر شعبوں کو بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے، دونوں چیمبرز اور کاروباری برادری کے مابین رابطے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس سے صورتحال بہتر ہو جائیگی۔ انھوں نے کہا کہ کوریا پاکستان میں خصوصی اکنامک زون بنائے جس سے کوریاکی افغانستان اور وسط ایشیا کی منڈیوں تک رسائی ہو گی۔