عوام تبدیلی چاہتے ہیں لٹیروں کو ملک سے نکال کر نیا پاکستان بنائیں گے عمران خان

نگران حکومت ٹھیک ہوئی توشفاف الیکشن ہونگے، اسمبلی میں موجود کسی پارٹی کیساتھ انتخابی اتحاد نہیں ہوگا،چترال میں خطاب


Numainda Express September 16, 2012
چترال میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان جلسہ عام سے خطاب کررہے ہیں۔ فوٹو: آن لائن

CAIRO: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہاہے کہ انتخابات جیت کر ظلم کے راج کو ختم کریں گے۔

گیارہ سال بعد چترال آیاہوں لیکن میں جانتاہوںکہ یہاں نہ توصدر زرداری آسکتے ہیں اورنہ ہی نواز شریف ،چار سالوں میں لواری ٹنل پر ایک پیسہ بھی خرچ نہیںہوا، یہاںصرف جیبیں بھری جاتی ہیں ،دیانتداری کسی ایک میں بھی نہیں ، واضح کردوںکہ سونامی کو اب کوئی نہیں روک سکتا ہم اب نیا پاکستان بنائیں گے اور نیا بلدیاتی نظام لائیں گے ، لٹیروںکوملک سے باہرنکال دینگے ۔ چترال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ عوام بے فکر ہوں آئندہ انتخابات تحریک انصاف جیتے گی اور سونامی نیا پاکستان بنائے گی ، عوام سونامی کے ساتھ ہیں اور تبدیلی چاہتے ہیں ۔

جب تحریک انصاف اقتدارمیں آئیگی توسب سے پہلے پاکستان کو امریکی جنگ سے باہر نکالے گی جو ہم پر مسلط کی گئی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف خاندانی جماعت نہیں یہ عوام کی جماعت ہے اس میں سب حصہ لے سکتے ہیں ، ہماری جماعت میں ٹکٹ صرف انھیں دیے جائیں گے جن کو پارٹی کارکنان منتخب کریں گے ۔ انھوں نے کہا کہ سونامی تبدیلی اور انصاف کے نئے نظام کا نام ہے ، لوگ تبدیلی چاہتے ہیں ، ہمیں کوئی شکست نہیں دے سکتا۔سات نومبر کو تاریخ کا سب سے بڑا امن مارچ وزیرستان لیکر جائیں گے ۔

تحریک انصاف اقتدارمیں آکر 20 لاکھ سالانہ نوکریاں نوجوانوں کیلیے پیدا کریگی۔ انھوںنے کہا کہ رسولؐ کی شان میں گستاخی انتہائی قابل افسوس ہے لیکن یہ معاملہ اسلام کے بارے میں مغرب کو معلومات نہ ہونے کی وجہ سے سامنے آیاہے ۔ شان رسول ﷺمیں گستاخی کو ہرگز قابل قبول نہیں کیا جائے گا ۔ دریں اثناچترال چیمبر اور کالاش قبیلے کے وفود نے بھی عمران خان سے گورنر کاٹیج میں ملاقات کی ۔ انہوں نے کالاش کمیونٹی کے عمائدین کے مطالبے پر آئندہ انتخابات میں کالاش نوجوان اور میجر اے وی ڈی پی وزیر زادہ کو اقلیتی سیٹ کیلیے نامزد کرنے کا اعلان کیا۔