جوڈیشل کمپلیکس ہنگامہ آرائی کیس، عمران خان آج عبوری ضمانت کی درخواستیں دائر کریں گے

ویب ڈیسک  اتوار 26 مارچ 2023
(فوٹو فائل)

(فوٹو فائل)

 اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان جوڈیشل کمپلیکس ہنگامہ آرائی کیسز میں آج عبوری ضمانت کی درخواستیں دائر کریں گے۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی لیگل ٹیم کا کہنا ہے کہ عمران خان آج لاہور سے اسلام آباد ہائیکورٹ آئیں گے اور پانچوں مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی درخواستیں دائر کریں گے۔

واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے آج ( 27 مارچ ) تک  پانچوں مقدمات میں عمران خان کی حفاظتی ضمانت منظور کر رکھی ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف کے خلاف پانچ مقدمات جوڈیشل کمپلیکس، ہائیکورٹ اورشہر کے دیگر حصوں میں ہنگامی آرائی پردہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کیے گئے تھے۔

دریں اثنا ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے کہا ہے کہ آج چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ممکنہ عدالتی پیشی کے حوالے سے  انہیں کوئی اطلاع نہیں ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس عدالتی احکامات کی روشنی میں ہی سیکیورٹی انتظامات کرے گی اورعدالتی احکامات کے مطابق عدالت کے احاطے میں صرف متعلقہ اشخاص کو داخلے کی اجازت دی جائے گی۔

ترجمان  کی جانب سے مزید کہا گیا کہ اگر ماضی کا طرز عمل اپنایا گیا تو اسلام آباد پولیس بلا تفریق تمام قانونی طریقے بروئے کار لائے گی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔