نوجوان ہی توشہ خانہ کے چوروں سے حساب لیں گے، سراج الحق

ویب ڈیسک  بدھ 29 مارچ 2023
پی ڈی ایم ، پی ٹی آئی والے ظالم ہیں، جنھوں نے پورا نظام خراب کیا ہے، سراج الحق (فوٹو فائل)

پی ڈی ایم ، پی ٹی آئی والے ظالم ہیں، جنھوں نے پورا نظام خراب کیا ہے، سراج الحق (فوٹو فائل)

 لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ توشہ خانہ کے چوروں سے حساب اب نوجوان ہی لیں گے کوئی دوسرا ادارہ یہ کام نہیں کر سکتا۔

جماعت اسلامی کے زیر اہتمام چوک عاشق آباد پر عوامی سحری میں شرکت کے بعد خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ لاہور کے نوجوان اب جاگ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے ملک کے نوجوانوں کو ان کی صلاحیت کے مطابق روزگار ملے، ہم یہی چاہتے ہیں کہ ہماری عدالتیں انصاف کریں۔ ہمارے ججز، جرنیل ، سیاسی لیڈر مغل بادشاہ نہ بنیں۔پی ڈی ایم ، پی ٹی آئی والے ظالم ہیں، جنھوں نے پورا نظام خراب کیا ہے۔

آٹا تقسیم کے پوائنٹس پر بدانتظامی پر بات کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ اگر آپ بجلی اور گیس کا بل گھر پہنچا سکتے ہیں تو کیا آپ لوگوں کے گھر میں آٹا نہیں بھیج سکتے۔ جنوبی پنجاب کے علاقے جتوئی میں آٹا لینے کے لیے جانے والی خاتون کو روند دیا گیا۔

امیرِ جماعت نے کہا کہ یہ وہ پاکستان نہیں، جس کے لیے قائداعظم نے جدو جہد کی۔ پاکستانیو!آپ کے ساتھ دھوکا کیا گیا ہے۔ کبھی آپ کو روٹی ، کپڑا، مکان کے نام پر، کبھی 50 لاکھ گھروں کے نام پر دھوکا دیا گیا ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ مجھے یقین ہے نوجوان انقلاب لانے کے لیے تیار ہیں۔ ہم نوجوانوں  کے ساتھ مل کر انقلاب لائیں گے۔  یہ توشہ خانہ کے چوروں کے ساتھ نوجوان ہی حساب کتاب کریں گے کوئی دوسرا ادارہ نہیں کر سکتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔