چین کا سی پیک اور اقتصادی ترقی کیلیے پاکستان کیساتھ مل کر کام کرنے کا عزم

ویب ڈیسک  بدھ 29 مارچ 2023
چینی ترجمان نے تھرکول پروجیکٹ کی تعریف کی؛ فوٹو: فائل

چینی ترجمان نے تھرکول پروجیکٹ کی تعریف کی؛ فوٹو: فائل

بیجنگ: چین نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری کی اعلیٰ معیار کی تعمیر و ترقی اور پائیدار سماجی اقتصادی ترقی کے لیے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی دارالحکومت بیجنگ میں معمول کی بریفنگ کے دوران وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے تھر کول پروجیکٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان میں بجلی کے بحران میں کمی واقع ہوگئی۔

ایک سوال کے جواب میں چین کے ترجمان نے مزید کہا کہ سی پیک پر تیزی سے پیش رفت جاری ہے۔ پاکستان کے ساتھ مل کر سی پیک اور اقتصادی ترقی کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں۔

ترجمان ماؤننگ نے یہ بھی کہا کہ اس حوالے سے دونوں ممالک اتحاد و اتفاق سے آگے بڑھ رہے ہیں جس کے مثبت نتائج اقتصادی ترقی اور توانائی کے شعبے میں بہتری صورت میں نظر آئیں گے۔

چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان مائو ننگ نے مزید کہا کہ سی پیک اور تھر کول پروجیکٹ سے ملکی معیشت کو ترقی ملے گی، لوگوں کو روز گار حاصل ہو گا اور خوش حالی آئے گی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔