عمران خان نے اظہر مشوانی کی گمشدگی کیخلاف ملک گیر احتجاج کی کال دے دی
سب جانتے ہیں پی ٹی آئی کیخلاف حکومتی فاشزم کے پیچھے کون ہے، عمران خان
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے فوکل پرسن اظہر مشوانی کی گمشدگی کیخلاف ملک گیر احتجاج کی کال دے دی۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر پر عمران خان نے لکھا کہ ہمارے سارے لوگ ملک بھر میں حکومت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور فاشزم کے خلاف باہر نکل پر پُرامن احتجاج ریکارڈ کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر کوئی جانتا ہے کہ پی ٹی آئی کیخلاف حکومت کی فاشزم کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے مگر ہم اس کے آگے نہیں جھکیں گے اور آخری بال تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ عمران خان نے واضح کیا کہ ہم انہیں کسی صورت بھی تسلیم نہیں کریں گے۔
عمران خان نے لکھا کہ 'پاکستان کے معاشی اور سیاسی مسائل کا واحد حل فوری اور شفاف انتخابات ہیں'۔
پی ٹی آئی کی جانب سے ہر شہر اور ضلع میں پریس کلب کے باہر احتجاج کیا جائے گا۔
قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ میں اظہر مشوانی کے بھائی مظہر الحسن نے بازیابی کیلیے درخواست دائر کی۔ جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم کے رکن اظہر مشوانی کو 23 مارچ کو گھر کے باہر سے سادہ لباس اہلکاروں نے اغوا کیا جس کا مقدمہ لاہور کے تھانہ گرین ٹاؤن میں بھی درج ہے۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت پولیس کو اظہر مشوانی کی بازیابی اور انہیں فوری طور پر پیش کرنے کی ہدایت کرے۔