قومی جامعات کو تحقیق کا اعلیٰ معیار یقینی بنانا چاہیے صدر ممنون

قومی جامعات کے سربراہان کی ملاقات، صدر مملکت 21 اپریل کو نائیجیریا جائیں گے


Numainda Express April 18, 2014
قومی جامعات کے سربراہان کی ملاقات، صدر مملکت 21 اپریل کو نائیجیریا جائیں گے۔ فوٹو: فائل

صدر مملکت ممنون حسین نے اعلیٰ تعلیم اور اقتصادی ترقی کے درمیان مضبوط تعلق استوار کرنیکی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی جامعات اور ڈگری عطا کرنے والے اداروں کوتحقیق کے اعلیٰ معیار کو یقینی بناناچاہیے۔انھوں نے یہ بات ملک کی ممتاز یونیورسٹیوں اورڈگری عطا کرنیوالے اداروں کے سربراہان کے دوسرے گروپ کی جمعرات کو ایوان صدر میں ملاقات میں کہی۔

صدرسے ملاقات کرنیوالوں میں انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے قائمقام ریکٹر ڈاکٹرمعصوم یاسین زئی، ورچوئل یونیورسٹی لاہورکے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر نوید اخترملک، این ایف سی انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان کے وائس چانسلر ڈاکٹر ملک اخترکلڑو، قائداعظم یونیورسٹی کے قائمقام وائس چانسلر ڈاکٹر اعتزاز احمد اورنئے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر مختار احمدشامل تھے۔صدرمملکت نے کہا کہ تعلیم ملک کی لائف لائن ہے اور موجودہ ڈیجیٹل دنیا میں اعلیٰ تعلیم ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کی کلید ہے۔

انھوں نے کہاکہ تحقیق کے فروغ، روزگار پیدا کرنے اور نوجوانوں کو مارکیٹ کے تقاضوں سے موثر طور پر نبرد آزما ہونے کیساتھ ساتھ بین الاقوامی سطح پر مسابقت کے قابل بنانے کیلیے یونیورسٹیوں اور صنعت کے درمیان وسیع تر اشتراک کار پر زیادہ توجہ دی جانی چاہیے۔علاوہ ازیں صدرممنون حسین سے سکوائش کے عالمی چیمپیئن جان شیرخان اورکھلاڑی محب اللہ خان نے بھی ملاقات کی۔علاوہ ازیں صدر مملکت ممنون حسین نائیجیریا کے صدر گڈلک جوناتھن کی دعوت پر 21 سے 23 اپریل تک نائیجیریا کا سرکاری دورہ کریں گے۔ کسی بھی پاکستانی صدر کا نائیجیریا کا یہ پہلا دورہ ہو گا۔