سیکیورٹی کے کوئی مسائل نہیں! موت جہاں لکھی ہے آئے گی، جاوید میانداد

ویب ڈیسک  جمعرات 13 اپريل 2023
ایشیاکپ کیلئے بھارت کے انکار نے ٹورنامنٹ کا مستقبل خطرے میں ڈال دیا ہے، سابق کپتان (فوٹو: ایکسپریس ویب)

ایشیاکپ کیلئے بھارت کے انکار نے ٹورنامنٹ کا مستقبل خطرے میں ڈال دیا ہے، سابق کپتان (فوٹو: ایکسپریس ویب)

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ہیڈکوچ جاوید میانداد نے بھارت کو مشورہ دیا ہے کہ وہ 50 اوور کے ایشیاکپ کیلئے پاکستان آئیں۔

یوٹیوب کی ایک پوڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے سابق کپتان جاوید میانداد نے کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی کے کوئی مسائل نہیں، موت جب کہیں اور جہاں لکھی ہے آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ ایشیاکپ 2023 کیلئے پاکستان آنے سے صاف انکار نے ٹورنامنٹ کا مستقبل خطرے میں ڈال دیا ہے، سال 2012-13 میں ہماری ٹیم خراب حالات کے باوجود بھارت گئی تھی لیکن اسکے بعد ہندوستان نے اپنا وعدہ آج تک پورا نہیں کیا۔

مزید پڑھیں: ایشیاکپ، پاکستان نے میزبانی کا ایگریمنٹ اعتراض لگا کر واپس بھیج دیا

سابق کپتان نے کہا کہ اگر بھارت ہمیں بلائے گا تو ضرور جائیں گے لیکن اب بھارت کی باری ہے کہ وہ اپنا قرض اُتارے۔

قبل ازیں بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اپنی ٹیم کو سیکیورٹی وجوہات کا بہانہ بناکر پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا تھا جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے آئی سی سی ورلڈکپ کیلئے اپنی ٹیم بھارت بھیجنے سے انکار کیا تھا۔

مزید پڑھیں: ایشیاکپ؛ پاکستان میزبانی کا خواب پورا کرنے پر ڈٹ گیا

دوسری جانب پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان ایشیا کپ کی میزبانی سے دستبردار نہیں ہوگا یہ ہمارا دوٹوک موقف ہے، ایشیائی ایونٹ کا جو فیصلہ ہوا اس کے اثرات ورلڈ کپ پر بھی پڑیں گے۔

انھوں نے کہا کہ ہماری طرف سے یہ ریڈ لائن ہے، بھارتی ٹیم ایشیا کپ کھیلنے پاکستان آئے یا تیسرے ملک میں کھیلے، اگر بھارت نے اپنے میچ نیوٹرل وینیو پر کھیلے تو یہی ہائبرڈ ماڈل ورلڈکپ میں پاکستان کیلیے بھی لاگو ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔