آئی پی ایل دفاعی چیمپئن ممبئی انڈینز کی لگاتار دوسری ہار

بنگلور کی ٹیم جیت کا تسلسل قائم رکھنے میں کامیاب، پارتھیو پٹیل کی نصف سنچری


Sports Desk April 20, 2014
ابراہم ڈی ویلیئرز کے 45رنز ناٹ آؤٹ، دہلی نے کولکتہ کو 4 وکٹ سے شکست دے دی۔ فوٹو: فائل

آئی پی ایل میں بنگلور نے مسلسل دوسری فتح حاصل کرلی، کولکتہ کی ٹیم جیت کا تسلسل قائم نہیں رکھ پائی، دہلی نے ابتدائی ناکامی کے بعد فتح کا ذائقہ چکھ لیا۔

ممبئی انڈینز کو لگاتار دوسری شکست کا سامنارہا، ان مقابلوں میں روبن اوتھاپا، پارتھیو پٹیل، دنیش کارتھک اور جین پال ڈومنی نے نصف سنچریاں اسکور کیں، بھارتی پیسر ظہیرخان نے دو وکٹیں اپنے نام کیا، مالنگا کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کو آئی پی ایل میں دو میچز منعقد ہوئے، جسمیں بنگلور نے ممبئی انڈینز کو 7 وکٹ سے مات دے دی، ناکام سائیڈ نے پہلے کھیل کر مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ پر 115رنز اسکور بورڈ پر سجائے، اوپنرز مائیک ہسی (16) اور آدیتیہ تارے (17) رنز بناپائے، امبتی رائیدو نے 37 گیندوں پر 35 رنز جوڑ کر کچھ ہمت دکھائی۔

کیوی آل راؤنڈر کورے اینڈرسن بھی 18 رنز سے آگے نہیں بڑھ پائے، آسٹریلوی پیسر مچل اسٹارک، ورون آرون اور یوزویندرا نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔ فاتح بنگلور نے ہدف 17.3 اوورز مین 3 وکٹ پر حاصل کرلیا، پارتھیو پٹیل نے 45 گیندوں پر 57 کی اننگز کھیلی، جنوبی افریقی کپتان ابراہم ڈی ویلیئرز نے 45 رنز ناٹ آؤٹ بنائے، کپتان ویرات کوہلی اور یوراج سنگھ کو صفر کی خفتوں کا سامنا رہا، تجربہ کار فاسٹ بولر ظہیرخان نے 21 رنز دیکر 2 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا، سری لنکن پیسر لسیتھ مالنگا کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔دن کے دوسرے مقابلے میںدہلی نے کولکتہ کو 4 وکٹ سے زیر کرلیا۔

ناکام سائیڈ کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے پہلے کھیل کر 5 وکٹ گنوا کر 166 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، اوپنرز جیک کیلس اور کپتان گوتم گمبھیر کھاتے کھولے بغیر پویلین واپس لوٹے، منیش پانڈے 48، روبن اوتھاپا 55 اور بنگلہ دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن نے 30 رنز بناکر ٹیم کو سنبھالادیا، ناتھن کولٹیر نائل نے 27 رنز کے بدلے 2 وکٹوں کا سودا کیا، دہلی نے ہدف تین بالز قبل 6 وکٹ پر 167رنز بناکر حاصل کرلیا، دنیش کارتھک نے 40 گیندوں پر 56 رنز اسکور کیے، ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 2 سکسر شامل رہے، جنوبی افریقی بیٹسمین جین پال ڈومنی نے 35 گیندوں پر 52 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، مورن مورکل نے 41 رنز دیکر 2 کھلاڑیوں کو اپنا شکار بنایا۔