گورنر ہاؤس پشاور عوام کے لیے کھول دیا گیا

گورنر نے مہمانوں کو خود مٹھائی پیش کی، بچوں سے بھی عید ملتے رہے، عوام کا گورنر کے رویے پر خوشی کا اظہار


Staff Reporter April 22, 2023
عید کی حقیقی خوشی ایک دوسرے سے مل کر بانٹنے سے ہی حاصل ہوتی ہے، گورنر

گورنر ہاؤس پشاور عید کے پہلے دن عوام کیلئے کھول دیا گیا، لوگوں کی بڑی تعداد نے گورنر سے عید ملی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی عوام سے عید ملنے کیلئے گورنر ہاؤس میں عوام کی بڑی تعداد پہنچ گئی۔ ان کے ساتھ سیاسی، سماجی شخصیات بھی ملاقات کے لیے آئیں۔ گورنر نے مہمانوں کو خود مٹھائی پیش کی۔

گورنر سے عید ملنے کیلئے آنے والے افراد اپنے ساتھ بچوں کو بھی لے آئے، گورنر بچوں سے بھی عید ملتے رہے۔ گورنر ہاؤس آنے والے عوام نے خوشی کا اظہار کیا، گورنر ہاؤس کھولنے اور عید ملنے کیلئے خود موجود رہنے پر گورنر کو خراج تحسین پیش کیا۔

اقلیتی برادری میں سے سکھ کمیونٹی کے نمائندہ وفد نے بھی گورنر ہاؤس میں ملاقات کی، گورنر کو سکھ کمیونٹی کی جانب سے عید کی مبارکباد پیش کی گئی۔

خیال رہے کہ گورنر عید الفطر کی خوشیاں عوام کے ساتھ منانے کیلئے عید کے دوسرے روز بھی عوام سے عید ملیں گے۔

قبل ازیں گورنر نے اس موقع پرپاکستان، خیبر پختونخوا کے عوام سمیت تمام امت مسلمہ اور خاص کر بیرون ملک پاکستانیوں کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید کی حقیقی خوشی ایک دوسرے سے مل بانٹنے سے ہی حاصل ہوتی ہے۔

گورنر نے ملک بھر اور خیبر پختونخوا کے مخیر عوام سے اپیل کی کہ عید کی خوشیوں میں اپنے علاقوں کے غرباء اور ان کے بچوں کوبھی شامل کریں۔