عیدالفطر کے پہلے روز کرنٹ لگنے ٹریفک حادثات میں 3 افراد جاں بحق

ٹریفک حادثات میں 2 خواتین سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال پہنچایا گیا


Staff Reporter April 22, 2023
فوٹو: فائل

عیدالفطر کے پہلے روز کرنٹ لگنے اور ٹریفک کے حادثے میں 3 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق عیدالفطر کے پہلے دن شہر کے مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے کے واقعات میں 2 اور ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 2 خواتین سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔

نیو کراچی کے علاقے سیکٹرالیون جے مکی مسجد کے قریب ایک شخص کو کرنٹ لگ گیا جسے فوری طور پر عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد اس کی موت کی تصدیق کر دی۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت 30 سالہ حسن کے نام سے کی گئی جبکہ واقعہ دکان میں کام کے دوران کرنٹ لگنے کا بتایا جا رہا ہے۔

دریں اثنا نارتھ ناظم آباد بلاک ایم میں بھایانی سینٹر میں بجلی کا کام کرنے کے دوران کرنٹ لگنے سے 30 سالہ مہتاب جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ایدھی کے رضا کاروں نے عباسی شہید اسپتال پہنچائی ۔

لانڈھی کے علاقے ایک نمبر ہائی اسکول کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق جبکہ 2 خواتین زخمی ہوگئیں۔

اس حوالے سے ایس ایچ او لانڈھی فرخ ہاشمی نے بتایا کہ حادثہ رکشے اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں پیش آیا تھا، رکشے میں سوار 2 خواتین 45 سالہ شبانہ اور 60 سالہ جمیلہ زخمی ہوگئیں جبکہ جاں بحق ہونے والے نوجوان کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی جس کی عمر 23 سال کے قریب بتائی جا رہی ہے تاہم پولیس اس حوالے سے مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

دریں اثنا نیپا فلائی اوور سہراب گوٹھ جانے والے ٹریک پر ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار شدید زخمی ہوگیا جسے چھیپا کے رضا کاروں نے تشویشناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا۔

اس حوالے سے ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ مضروب کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی جبکہ اس کی عمر 35 سال کے قریب بتائی جاتی ہے، حادثے میں موٹر سائیکل سوار اچھل کر فلائی اوور کے دونوں ٹریک کی درمیان خالی جگہ سے نیچے جا گرا جہاں پر چھیپا بوتھ قائم ہے جبکہ نیپا فلائی اوور پر ایک کار بھی الٹ گئی، واقعے کے بعد رینجرز کی نفری بھی موقع پر پہنچ گئی۔

اس حوالے سے رابطہ کرنے پر ایس ایچ او عزیز بھٹی معراج انور نے واقعے سے لاعلمی کا اظہار کیا۔