فیڈریشن کپ ٹنیس جرمنی کی 22 سال بعد فائنل میں رسائی

ٹرافی کیلیے سابق چیمپئن جمہوریہ چیک سے 8 اور9 نومبر کو مقابلہ ہوگا.


Sports Desk April 21, 2014
روس نے ارجنٹائن پر 4-0 سے غلبہ پالیا، پولینڈ نے اسپین کو 3-2 سے ٹھکانے لگادیا، سربیا کیخلاف رومانیہ کو فتح مل گئی۔ فوٹو: رائٹرز/ فائل

HYDERABAD: جرمنی نے 22 برس بعد فیڈریشن کپ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی، ٹرافی کیلیے اسے سابق چیمپئن جمہوریہ چیک کا سامنا رہے گا، فائنل ٹائی 8 اور9 ہوگا۔

سیمی فائنلز میں آسٹریلیا اور دفاعی چیمپئن اٹلی کو شکست ہوگئی، دیگر مقابلوںمیں روس نے ارجنٹائن پر 4-0 سے غلبہ حاصل کرلیا، پولینڈ نے اسپین کو 3-2 سے ٹھکانے لگادیا، رومانیہ نے سربیا کیخلاف 4-1 سے کامیابی پائی، جاپان پر نیدرلینڈز کو 3-1 سے سبقت مل گئی، سوئیڈن نے تھائی لینڈ کو 4-0 سے قابو کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق فیڈریشن کپ ٹینس ٹورنامنٹ میں جرمنی اور جمہوریہ چیک فائنل میں ٹکرائیں گے، جرمنی نے میزبان آسٹریلیا کو سیمی فائنل ٹائی میں 3-1 سے شکست دیدی، ہفتے کو ٹائی میں 2-0 کی برتری رکھنے والی جرمن ٹیم نے اتوار کو پہلے ریورس سنگلز میں کامیابی کی بدولت ٹائی میں 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کی، جس میں جرمن پلیئر اینجلیک کیربر نے آسٹریلیا کی نمبرون پلیئر اور سابق یوایس چیمپئن سمانتھا اسٹوسر کو 4-6،6-0 اور6-4 سے ہرادیا۔

ڈبلز میں آسٹریلین جوڑی ایشلیگ بارٹی اور کیسی ڈیلوکا نے جرمن حریفوں جولیا گوریجس اور ایناگرونفیلڈ کو 6-2،6-7(5/7) اور10-2 سے مات دے دی، جرمنی نے اس سے قبل 1992 میں ٹائٹل جیتا تھا جب اسٹیفی گراف اور اینکی ہوبر پر مشتمل ٹیم نے اسپین کو فائنل میں ہرادیاتھا، ورلڈ نمبر7 اینجلیک کیربر کی سمانتھا اسٹوسر سے باہمی تین مقابلوں میں یہ پہلی فتح ہے، انھوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرے لیے خاص لمحات ہیں، ہم نے فائنل میں پہنچنے اور آسٹریلیا کیخلاف کامیابی کیلیے سخت محنت کی تھی، مجھے معلوم تھا کہ اسٹوسر کیخلاف کامیابی کیلیے مجھے اپنا بہترین کھیل پیش کرنا ہوگا کیونکہ وہ ماضی میں گرینڈ سلم ٹائٹل جیت چکی ہیں، اگرچہ میں ابتدا میں تھوڑا نروس ہوئی تھی لیکن پھر میں نے ردھم حاصل کرلیا۔

دوسری جانب اوسٹراوا میں میزبان اور 2011 اور2012 کی چیمپئن سائیڈ جمہوریہ چیک نے دفاعی چیمپئن اٹلی پر 4-0 سے غلبہ پالیا، اتوار کو پہلے ریورس سنگلز میں پیٹراکیوٹوا نے اطالوی حریف روبریٹا ونسی کو 6-3 اور7-5 سے ٹھکانے لگادیا، دوسرا سنگلز اور ڈبلز منعقد نہیں ہوا، ڈبلز میں آندریاہیلکووا اورکارلا کوکالووا نے اٹلی کی حریف پلیئرز کمیلا جیورجی اور کیرن کینپ کو 6-2،5-7 اور 11-9 سے ہرادیا، سابق ومبلڈن چیمپئن پیٹراکیوٹوا نے ٹیم کی فتح پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے خاصے عرصے بعد اچھا کھیل پیش کیا، جس پر میں بہت خوش ہوں اور سب سے بڑھ کر یہ کہ میرا ملک ایونٹ کے فائنل میں پہنچ گیا۔ورلڈ گروپ پلے آف میں روس نے ارجنٹائن پر 4-0 سے غلبہ حاصل کرلیا، پولینڈ نے اسپین کو 3-2 سے ٹھکانے لگادیا، ورلڈ گروپ پلے آف 2 مرحلے میں رومانیہ نے سربیا کیخلاف 4-1 سے کامیابی پائی، جاپان پر نیدر لینڈز کو 3-1 سے سبقت مل گئی، سوئیڈن نے تھائی لینڈ کو 4-0 سے قابو کرلیا۔