پیر آباد2گروپوں کے درمیان تصادم ایک درجن سے زائد افراد زخمی

رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پایا، مقدمہ درج نہیں ہوا


Staff Reporter April 22, 2014
رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پایا، مقدمہ درج نہیں ہوا. فوٹو : فائل

پیرآباد فرنٹیئر کالونی میں 2گروپوں کے درمیان تصادم میں لاٹھی اور ڈنڈے لگنے سے ایک درجن سے زائد افراد زخمی ہوگئے نامعلوم افراد کی فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

تفصیلات کے مطابق پیر آبادکے علاقے فرنٹیر کالونی نمبر3 ربانی محلہ میں2 گروپوں کے درمیان تصادم میں لاٹھی اور ڈنڈوں کے وار سے مولانا خان محمد ، مولانا ظہیر ، مولانا ہارون ، اصغر ، اسمٰعیل ، عبدالباسط، سلیمان، زبیر، احسن اور محمد عمر سمیت ایک درجن سے زائد افراد زخمی ہوگئے جنھیں فوری طبی امداد کیلیے عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا جہاں انھیں علاج معالجے کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے، تصادم کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی ہے جبکہ نامعلوم افراد کی جانب سے بھی شدید فائرنگ کی گئی جس کے باعث خوف و ہراس پھیل گیا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور صورتحال پر قابو پالیا جبکہ ایک گروپ موقع سے فرار ہوگیا، ایس ایچ او پیر آباد فصیح الزماں کا کہنا ہے کہ جھگڑا علاقے میں واقع ایک مسجد کی کمیٹی کے افراد اور مخالف گروپ کے درمیان ہوا تھا تاہم فوری طور پر کسی بھی گروپ کی جانب سے واقعہ کا مقدمہ درج نہیں کرایا گیاتاہم پولیس نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس کے گشت میں اضافہ کر کے اضافی نفری کو بھی تعینات کر دیا۔