نیوزی لینڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ میں تبدیلیوں کا منصوبہ بنالیا

مقامی ٹیموں کو اپنے قدموں پر کھڑا کرنے کیلیے 40 فیصد نجی سرمایہ کاری حاصل کی جائیگی


Sports Desk April 22, 2014
مقامی ٹیموں کو اپنے قدموں پر کھڑا کرنے کیلیے 40 فیصد نجی سرمایہ کاری حاصل کی جائیگی فوٹو؛ گیٹی امیج

نیوزی لینڈ نے بھی ڈومیسٹک کرکٹ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا منصوبہ تیار کرلیا۔

ٹیموں کو اپنے قدموں پر کھڑا کرنے کے لیے 40 فیصد نجی سرمایہ کاری حاصل کی جائے گی، اس صورت میں مختلف سائیڈز کو اپنے روایتی وینیوز کو چھوڑنا بھی پڑسکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ نے ڈومیسٹک اسٹریکچر میں بہتری اور 6 بڑی ایسوسی ایشنز کیلیے 40 فیصد نجی سرمایہ کاری حاصل کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے، اس کا مقصد ٹیموں کو اپنے قدموں پر کھڑا کرنا اور مقامی سطح پر کھیلے جانے والے ٹورنامنٹس کی دلچسپی میں اضافہ کرنا ہے۔ این زیڈ سی کے جنرل منیجر ڈومیسٹک کرکٹ ڈیوڈ کوپر نے ایک خصوصی رپورٹ بورڈ کے سپرد کی ہے جس میں 18 سفارشات کی گئی ہیں، اس میں ڈومیسٹک کرکٹ کیلیے نجی سرمایہ کاری حاصل کرنے کے ساتھ ٹوئنٹی 20 ایونٹ میں بڑی تبدیلی لانا بھی شامل ہے تاکہ اس سے زیادہ سے زیادہ منافع کمایا جاسکے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر ان سفارشات پر عملدرآمد کیا جاتا ہے تو پھر ڈومیسٹک کرکٹ میں زیادہ سہولیات کی فراہمی کو نہ صرف یقینی بنایا جاسکے گا بلکہ اس سے مقامی اور انٹرنیشنل کرکٹ کے درمیان موجود فرق بھی کم ہوگا، اس وقت نیوزی لینڈ میں کھیلے جانے والے ون ڈے، ٹوئنٹی 20 اور فرسٹ کلاس ایونٹس کے اخراجات انٹرنیشنل کرکٹ سے حاصل ہونیوالی آمدنی سے پورے کیے جارہے ہیں۔ یہ خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے کہ نجی سرمایہ کاری سے بعض ٹیموں کو اپنے روایتی وینیوز کو چھوڑنا پڑے گا اور کچھ ٹیمیں دوسری سائیڈز کے وینیو کو شیئر بھی نہیں کرپائیں گی، این زیڈ سی کے چیف گریگ بارکلے کا کہنا ہے کہ نجی سرمایہ کاری آنے سے ٹیمیں بڑے کمرشل سینٹر میں منتقل ہوسکتی ہیں ، اس میں کوئی مسئلہ نہیں ہے، انھوں نے کہا کہ چیزوں کو اسی طرح چھوڑ دینے کا مطلب یہ ہوگا کہ ہم جہاں پر وہیں پر رہیں گے ۔