انٹر امتحانات میں نقل کنٹرولنگ اتھارٹی کا انتظامی سیکریٹریٹ غیر فعال

108امتحانی مراکزمیں لوڈشیڈنگ کے دوران پرچے لیے گئے، انٹربورڈ کی سپرویجلنس ٹیم نے 18طلبا کونقل کرتے ہوئے پکڑا


Staff Reporter April 23, 2014
شہر میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے آغاز پرگورنمنٹ خواتین کالج کے امتحانی مرکزمیں طالبات پرچہ حل کرنے میں مصروف ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈکراچی کے تحت شہرکے تعلیمی اداروں میں قائم 108امتحانی مراکز پر لوڈشیڈنگ اورمحدود پیمانے پرنقل کے ساتھ انٹر کے سالانہ امتحانات کے پہلے مرحلے کا آغاز ہوگیا۔

انٹرکے امتحانات کے موقع پرنقل روکنے کے لیے بورڈکی کنٹرولنگ اتھارٹی کا ''انتظامی سیکریٹریٹ''غیرفعال جبکہ '' انٹربورڈ '' فعال رہا اورسندھ کے تعلیمی بورڈزکے سیکریٹری نقل کی روک تھام کے لیے کسی بھی امتحانی مرکز کے دورے کے لیے نہیں نکلے، چیئرمین بورڈاور محکمہ تعلیم کے حکام نے نقل کی روک تھام کے لیے منگل کو3 امتحانی مراکزکادورہ کیا اور نقل کرتے ہوئے 18طلبا کوپکڑلیا ، انٹرکے امتحانات سے قبل جمعہ کو وزیراعلیٰ ہائوس میں سیکریٹری بورڈزکی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں چیئرمین بورڈزکو بتایا گیا تھا کہ نقل کی روک تھام کے لیے بورڈ کی ٹیموں کے علاوہ بورڈزسیکریٹریٹ کے افسران اور سیکریٹری بھی امتحانی مراکزکے اچانک دورے کریں گے، عملی طورپرایسا نہیں ہوا۔

علاوہ ازیں انٹرکے امتحانات کے آغاز پرمنگل کوصبح ودوپہرکے اوقات میں تیزگرمی میں لوڈشیڈنگ کے ساتھ طلباء و طالبات نے پرچے دیے،حکومت سندھ امتحانی مراکز پرلوڈشیڈنگ روکنے میں ناکام نظرآئی ، بورڈ کے تحت گیارہویں اور بارہویں جماعتوں کے سالانہ امتحانات برائے سال 2014ء کے پہلے مرحلے میں منگل کو پہلی شفٹ میں انٹرپری میڈیکل اور پری انجینئرنگ کے بارہویں کلاس کے اردو لازمی جبکہ دوسری شفٹ میں بارہویں جماعت کامرس کا انگریزی لازمی کا پرچہ لیاگیا ، اس موقع پر بورڈحکام اور محکمہ تعلیم کے افسران پر مشتمل ٹیموں نے امتحانی مراکزکے اچانک دورے کے موقع پرنقل کرتے ہوئے طلبہ کوپکڑا۔

بورڈ اعلامیے کے مطابق پہلے دن سپر ویجی لینس ٹیم اور دیگر ویجی لینس ٹیموں کے دونوں شفٹوں کے اچانک معائنے کے دوران18 امیدواروں کو نقل کرتے ہوئے پکڑا گیا لیکن نقل کرنے والے اورپکڑے جانے والے امیدواروں کی تعداداس سے کہیں زیادہ ہے تاہم نقل کرنے کے دوران صرف ان امتحانی مراکزپرامیدوارنقل کرتے ہوئے پکڑے گئے جہاں بورڈکی سپرویجلنس اورویجلنس ٹیموں نے دورے کیے تاہم سینٹر سپریٹنڈنٹ کی جانب سے نقل کے کیسزسامنے نہیں آئے۔

بورڈاعلامیے کے مطابق نقل کرتے ہوئے پکڑے جانے والے امیدواروں کے کیسزسزا دینے والی کمیٹی کے سپرد کردیے گئے ہیں،ان تمام مراکز میں گارڈز کی نگرانی میں وقت پر امتحانی پرچے پہنچائے گئے، اس موقع پر سپر ویجی لینس ٹیم نے اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین پروفیسر انوار احمد زئی کی سربراہی میں مختلف امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کیا ، ان کے ساتھ ضلع وسطی کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر سیف الرحمن، ڈائریکٹر جنرل کالجز ڈاکٹر ناصر انصار، ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ کالجز ڈاکٹر منسوب حسین صدیقی، ناظم امتحانات عمرانچشتی اور سیکرٹری بورڈقاضی ارشد موجودتھے ٹیم نے گورنمنٹ ڈگری کالج 7-D/C نارتھ کراچی پبلک اسکول ناگن چورنگی اور گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج برائے طلبائناظم آبادکادورہ کیاان مراکز میں سے دوکوحساس جبکہ تیسرے کو حساس ترین قرار دیا گیا تھا۔