بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ جنوری کی بجائے اپریل میں پاکستان کی میزبانی کو تیار

ٹائیگرز کو ون ڈے ورلڈ کپ تیاریوں کیلیے 2 ہفتے قبل آسٹریلیا بھجوانے کا ارادہ وجہ بن گئی۔


Sports Desk April 23, 2014
ٹائیگرز کو ون ڈے ورلڈ کپ تیاریوں کیلیے 2 ہفتے قبل آسٹریلیا بھجوانے کا ارادہ وجہ بن گئی۔ فوٹو وکی پیڈیا / فائل

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے آئندہ برس پاکستان کے مجوزہ دورے کو جنوری کی بجائے اپریل تک آگے بڑھادیا۔

اس کا سبب بنگلہ دیشی کرکٹرز کو 2015 کے فروری ، مارچ میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میںٹریننگ کیلیے دو ہفتے قبل بھیجنا بتائی جارہی ہے، یہ فیصلہ بی سی بی کی کرکٹ آپریشنز کمیٹی نے منگل کو اپنے اجلاس میں کیا، جس میں انھوں نے آئندہ 12 ماہ کیلیے اپنے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک شیڈول کو ترتیب دیا ہے، پاکستان کو اس مجوزہ دورے کی تاریخوں میں ہونے والے ردوبدل پر باضابطہ طور پر بورڈ اجلاس میں منظوری ملنے کے بعد آگاہ کیا جائیگا، ابتدائی پروگرام کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم نے جنوری 2015 میں بنگلہ دیش جانا تھا لیکن بنگلہ دیش بورڈ چاہتا ہے کہ فروری ، مارچ میں ہونے والے ون ڈے کپ کی تیاریوں کیلیے اپنے پلیئرز کو دو ہفتے قبل ہی آسٹریلیا ، نیوزی لینڈ پہنچادے۔

بنگلہ دیشی ٹیم نے آخری مرتبہ 2010 میں آسٹریلیا کا سفر کیا تھا، رواں برس بنگلہ دیشی ٹیم جون کے وسط میں بھارت سے تین ون ڈے میچز کی سیریزکھیلے گی، اس کے بعد اگست ، ستمبر میں ویسٹ انڈیز کا دورہ ہے، اس کے بعد نومبر، دسمبر میں سری لنکا اور زمبابوے کی سنگت سے سہ ملکی سیریز کا انعقاد بھی ممکن ہے، آئندہ برس ورلڈ کپ کے بعد پاکستان، بھارت اور جنوبی افریقہ سے جولائی تک ٹیسٹ سیریز کا پروگرام وضع کیاگیا ہے، بنگلہ دیشی بورڈ کی کرکٹ آپریشنز کمیٹی کے چیئرمین اکرم خان نے کہا کہ آسٹریلیا میں آئندہ برس کے شروع میںٹریننگ کیمپ کا انعقاد تقریباً یقینی ہے، لیکن ابھی ہم نے اس کی تاریخیں طے نہیں کی ہیں، اگر اس کیمپ میں ہمارے پلیئرز کو وہاں پر کچھ ون ڈے میچز کھیلنے کو مل گئے تو یہ ہمارے لیے فائدہ مند ہوگا، انھوں نے کہا کہ پاکستان کی میزبانی آئندہ برس اپریل میں ممکن ہوپائے گی، اس کے بعد جون میں بھارت اور جولائی میں جنوبی افریقہ ہمارے میدانوں پر کھیلیں گے۔