ملک کو دہشت گردی سمیت سنگین مشکلات کا سامنا ہے شرجیل میمن

عقلمندی یہی ہے کہ سیاسی قوتیں متحد ہو کر کام کریں، صوبائی وزیر کی صحافیوں سے گفتگو


Staff Reporter April 23, 2014
عقلمندی یہی ہے کہ سیاسی قوتیں متحد ہو کر کام کریں، صوبائی وزیر کی صحافیوں سے گفتگو. فوٹو: فائل

وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ملک کو اس وقت سنگین مشکلات کا سامنا ہے اور عقلمندی یہی ہے کہ تمام سیاسی اور جمہوری قوتیں متحد ہوکر کام کریں۔

ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے حوالے سے اس وقت میڈیا میں جو باتیں آرہی ہیں وہ مفروضے پر مبنی ہیں، دونوں جماعتوں کے مابین کافی حد تک بات چیت ہوچکی ہے جو بھی فیصلہ ہوگا پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی مشاورت اور رضا مندی سے ہوگا، وہ منگل کو سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے،شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اس وقت ملک کو دہشت گردی سمیت دیگر کئی مشکلات کا سامنا ہے اور اس کے لیے ضروری ہے کہ تمام سیاسی اور جمہوری قوتیں متحد ہوکر اس کا مقابلہ کریں اور عوام کی خدمت کریں،اس وقت ذرائع ابلاغ پر چلنے والی تمام خبریں مفروضے پر مبنی ہیں اورآئندہ چند روز میں جو بھی فیصلہ ہوگا عوام کے سامنے آجائے گا، تمام جماعتوں کو موجودہ حالات میں مل جل کر کام کرنا چاہیے۔

کراچی آپریشن کے حوالے سے انھوںنے کہا کہ کراچی میں امن و امان کی صورت حال پر ملک بھرتحفظات ہیں اور آپریشن کے بعد حالات بہتر ہوئے ہیں، انھوں نے کہا کہ گزشتہ روز بھی وزیراعظم جب کراچی کے دورے پر آئے تو انھیں جاری ٹارگٹڈ کارروائی کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ اور امن و امان کی بحالی کے اداروں کے اعلیٰ افسران نے بریفنگ دی اور انھوں نے جاری آپریشن پر اطمینان کا اظہار کیا ہے،انھوں نے کہا کہ کراچی میں جاری ٹارگٹڈ کارروائی کسی ایک جماعت کے خلاف نہیں بلکہ جرائم پیشہ عناصر اور دہشت گردوں کے خلاف ہے اور یہ جاری رہے گا۔