حتف تھری میزائل کا کامیاب تجربہ

میزائل نیوکلیئر سمیت ہر قسم کے ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔۔۔


Editorial April 23, 2014
میزائل نیوکلیئر سمیت ہر قسم کے ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے. فوٹو؛فائل

دفاع وطن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کا جذبہ فطری ہے جو فوج کے ہرجواں وافسر میں بدرجہ اتم پایاجاتا ہے، وطن عزیز جس خطے میں واقع ہے اس کی جغرافیائی اور عسکری اہمیت انتہائی اہم ہے، پاکستانی سرحدوں کی حفاظت کے لیے جہاں بری ،بحری اور فضائی افواج مستعد ہیں، وہیں سوہنی دھرتی کے ذہین دماغ سائنس وٹیکنالوجی کے میدان میں بھی کسی سے پیچھے نہیں ، وہ دفاع وطن کو ناقابل تسخیر بنانے کا عزم رکھتے ہیں، اسی سلسلے کی ایک خوش کن خبر اخبارات کی زینت بنی ہے جس کے مطابق پاکستان نے زمین سے زمین پر مار کرنے والے بیلسٹک میزائل حتف III غزنوی کا کامیاب تجربہ کرلیا ہے۔

میزائل نیوکلیئر سمیت ہر قسم کے ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور290 کلومیٹر تک اپنے ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاکستانی سائنسدانوں نے کارہائے نمایاں سرانجام دے کر اس ملک کو ایٹمی قوت بنایا ہے اور مزید اس کے دفاع کے لیے کوشاں ہیں ۔ پاکستان بنیادی طور پر ایک نظریاتی اور پرامن ملک ہے جو اسلحے و بارود کے ڈھیر جمع کرنے کا شوق نہیں رکھتا ،لیکن خطے کی تشویش ناک صورتحال اور پڑوسی ممالک کے خطرناک عزائم سے ناواقف بھی نہیں ہے ، پاکستانی فوج کا شمار دنیا کی بہترین پروفیشنل افواج میں ہوتا ہے۔

اقوام متحدہ نے جن جن شورش زدہ علاقوں اور ملکوں میں پاکستانی فوج کو تعینات کیا ہے وہی انھوں نے امن قائم کیا ہے ۔اس میں کوئی دو آراء نہیں کہ اس کامیاب تجربے میں حصہ لینے والے فوجی دستوں کے جواں، سائنس دان اور انجینئرز کو سراہا جانا ضروری ہے ۔اس طرح فوج کو جدید اسلحے کے نظام کی تربیت اور تکنیکی مہارت میں خاطر خواہ کامیابی ملی ہے۔ یہ درست ہے کہ جنگیں اسلحے کے زور پر نہیں بلکہ جذبے سے جیتی جاتی ہیں لیکن موجودہ دور میں آپ جتنی جدید ٹیکنالوجی اور ایجادات میں مہارت حاصل کریں اتنا ہی پاکستان کی دفاعی صلاحیت کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی ، یہ خبر تازہ ہوا کا جھونکا قرار دی جا سکتی ہے۔