کوئی نئی فوجی عدالت قائم نہیں کی جائے گی وزیر دفاع

قانون اور عدالتیں پہلے سے موجود ہیں اور 75 برس سے اپنا کام کررہی ہیں


ویب ڈیسک May 21, 2023
(فائل : فوٹو)

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور اس کے رہنما ادارے کو ٹارگٹ کر رہے ہیں اور اس میں وہ دوسرے ممالک کو بھی شامل کر رہے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق یہ بات وزیر دفاع نے چونڈہ یادگار شہدا پر میڈیا سے گفتگو میں کہی۔ وزیر دفاع ن لیگی کارکنوں اور سول سوسائٹی کے ساتھ قافلے کی صورت میں چونڈہ یادگار شہداء تشریف لائے۔ شہداء کی قبروں پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادریں رکھیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ افواج پاکستان ہمارا غرور ہیں، اس ملک کی خاطر ہماری جان و مال سب قربان ہے، 9 مئی کی دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، پی ٹی آئی اور اس کے رہنما ادارے کو ٹارگٹ کر رہے ہیں اور اس میں وہ دوسرے ممالک کو بھی شامل کر رہے ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنی افواج سے محبت کرتے ہیں، باقاعدہ منصوبے کے تحت ایک تاثر پھیلانے کی کوشش کی گئی، بہادر افواج 2 دہائیوں سے وطن عزیز کے دفاع میں برسر پیکار ہیں، برف پوش پہاڑوں، سیاچن گلیشئیر سے لے کر فاٹا، افغانستان کی سرحدوں تک حفاظت کر رہے ہیں، رینجرز ، پولیس اور افواج پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف قربانیاں ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ فوجی تنصیبات پر حملے میں ملوث افراد کے ٹرائل کے لیے کوئی نئی فوجی عدالت قائم نہیں کی جارہی کیوں کہ قانون پہلے سے موجود ہے اور عدالتیں بھی موجود ہیں جو کہ گزشتہ 75 برس سے کام کررہی ہیں۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ کسی کے بنیادی حقوق سلب نہیں کریں گے صرف ان افراد کا شناخت کے بعد ٹرائل کیا جائے گا جو حملے کے وقت ویڈیوز میں نظر آرہے ہیں۔

بعد ازاں سیالکوٹ میں نجی کالج کی سالانہ کانووکیشن کی تقریب میں طالبات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وطن اور مٹی کے ساتھ آپ کی محبت بلا مشروط ہونی چاہیے، نومٸی کے واقعات نے ثابت کیا کہ کچھ لوگوں کی اس وطن کے ساتھ محبت اپنے اقتدار کے ساتھ مشروط ہے۔

انہوں نے کہا کہ نومٸی کو واشگاف الفاظ میں ایک شخص نے پیغام دیا کہ میرے پاس اگر اقتدار نہیں تو میں وہاں پر حملہ کروں گا جہاں دشمن کرتا ہے، شہدا کی یادگاروں سمیت فوجی تنصیبات کی توہین کی گٸی ، پاکستان کا تحفظ ہماری ریڈ لاٸن ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اس مٹی اور پاکستان کے ساتھ محبت پر کوٸی سمجھوتہ نہیں کریں گے، آج بھی افغانستان کے ساتھ سرحدی علاقے سمیت دیگر کٸی علاقے دہشت گردی کا شکار ہیں اور اس کے جواب میں ہماری فوج دہشت گردوں کے خلاف جنگ لڑ کر ہماری حفاظت میں مصروف ہیں

دریں اثنا خواجہ محمد آصف نے طالبات میں ڈگریاں بھی تقسیم کیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں