ٹیکس نادہندہ ارکان سے متعلق تحقیقات کیلئے 10 رکنی کمیٹی قائم

اسپیکرقومی اسمبلی نے کمیٹی کوٹیکس نادہندہ ارکان کے خلاف تحقیقات کامکمل اختیاردے دیا


Numainda Express April 26, 2014
کمیٹی میں ن لیگ کے6،پی پی،تحریک انصاف، متحدہ اورجے یوآئی(ف)کاایک ایک رکن شامل فوٹو : فائل

MONZA: اسپیکرقومی اسمبلی ایاز صادق نے ایوان کے فیصلے کے تحت ٹیکس ادانہ کرنے والے ارکان کے بارے میں تحقیقات کے لئے 10رکنی خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی۔

جمعے کوقومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے اعلان کے مطابق اسپیکرنے اسمبلی قواعد کے تحت8اپریل کوایوان کی طر ف سے منظور کی گئی ایک تحریک کے تحت 10 رکنی خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے اس کمیٹی کوٹیکس نہ دینے والے ممبران کے بارے میں الزامات کی تحقیقات کرنے کامکمل اختیار ہو گا۔ کمیٹی 90 روزکے اندر اپنی تحقیقات مکمل کرکے ایوان میں پیش کرے گی۔

اسپیکر کی تشکیل کردہ 10 رکنی کمیٹی میں شامل ارکان قومی اسمبلی میں پرویزملک،عمر ایوب خان، رانا محمد افضل خان،میاں عبد المنان، قیصر احمد شیخ، شیخ روحیل اصغر،شازیہ مری،اسد عمر،عبدالرشیدگوڈیل اور مسز آسیہ ناصرشامل ہیں۔ 10 رکنی کمیٹی میں6ارکان کاتعلق ن لیگ جبکہ پیپلزپارٹی، تحریک انصاف، ایم کیوایم اورجے یو آئی (ف) کا ایک ایک رکن شامل کیاگیاہے۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں ارکان قومی اسمبلی پر ٹیکس نہ دینے کے سنگین الزامات عائد کیے تھے۔

مقبول خبریں