کئی علاقوں میں بد ترین لوڈ شیڈنگ اور قلت آب کیخلاف شہریوں کا احتجاج

پاپوش نگر،ناظم آباد بڑا میدان اور گلستان جوہر میں وولٹیج کی اچانک کمی بیشی، برقی آلات کو نقصان پہنچا، پانی بھی غائب


Staff Reporter April 27, 2014
اراکین اسمبلی شہر میں بجلی اور پانی کی بدترین صورت حال پر کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ انتظامیہ سے باز پرس کریں، شہری ۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

کئی علاقوںمیں بدترین لوڈشیڈنگ اورقلت آب کے خلاف شہریوں نے احتجاج کیا۔

لانڈھی، کورنگی، ملیر، شاہ فیصل کالونی،گلشن اقبال، گلستان جوہر، نارتھ ناظم آباد، نیوکراچی،پی آئی بی ،اورنگی ٹاؤن اوردیگر علاقوں میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ اور پانی کی قلت جاری ہے،کئی علاقوں میں وولٹیج کی اچانک کمی بیشی سے برقی آلات کو نقصان پہنچا، پاپوش نگر اور ناظم آباد بڑا میدان کے مکینوں کی بڑی تعداد نے بجلی کی غیراعلانیہ طویل بندش اور پانی کی عدم فراہمی پر ناظم آباد بڑا میدان کے قریب شدید احتجاج کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کیخلاف نعرے لگائے،اس موقع پر مشتعل افراد نے ٹائروں کو نذر آتش کر کے ٹریفک معطل کردیا اور شدید نعرے بازی کی، مشتعل افراد کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک انتظامیہ کی جانب سے اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے ساتھ ساتھ کئی کئی گھنٹوں کی بلاجواز غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے اوراس کی وجہ سے شدید گرمی میں مکینوں خصوصاً بچوں ، خواتین اور ضعیف العمر افراد کو انتہائی دقت اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

بجلی کی بندش کے بارے میں کئی بار متعلقہ محکمے کے دفتر جا کر اس حوالے سے شکایت بھی درج کرائی گئی تاہم کوئی شنوائی نہیں ہوئی،مشتعل افراد کا کہنا تھا کہ ایک جانب بجلی کی طویل بندش کا عذاب برداشت کرنا پڑ رہا ہے تو دوسری جانب فراہمی آب کی قلت نے بھی انھیں دہرے عذاب میں مبتلا کیا ہوا ہے اور واٹر بورڈ انتظامیہ علاقے میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے، اس حوالے سے واٹر بورڈ کے دفتر جا کر شکایت کی گئی تو انھوں نے سارا الزام کے الیکٹرک پر ڈال دیا کہ جب پانی آتا ہے تو پمپنگ اسٹیشن کی بجلی نہیں ہوتی تو پانی کیسے فراہم کریں ، مکینوں نے اعلیٰ حکومتی شخصیات اور منتخب نمائندوں سے اپیل کی ہے کہ شہر میںبجلی اورپانی کی بدترین صورتحال پرکے الیکٹرک اورواٹربورڈانتظامیہ سے باز پرس کرے ، علاقہ مکینوں کے احتجاج کے باعث علاقے میں ٹریفک معطل ہوگیا اور ملحقہ علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہوگیا تاہم پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر مشتعل افراد کو بات چیت کے بعد پرامن طور پر منتشر کر کے ٹریفک بحال کرا دیا۔