چوہدری خاندان کو چپراسی کے اکاؤنٹ سے 32 کروڑ کی منتقلی کا انکشاف

ویب ڈیسک  پير 5 جون 2023
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

 لاہور: پنجاب اسمبلی کے چپراسی کے اکاؤنٹ سے چوہدری خاندان کو 32 کروڑ سے زائد رقم منتقل ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کی جانب سےسابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے بیٹے اور 2 بہوؤں کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں رپورٹ لاہور ہائی کورٹ کو جمع کروائی گئی ہے، جس میں حیران کن انکشافات ہوئے ہیں۔

ایف آئی اے رپورٹ کے مطابق پنجاب اسمبلی کے چپراسی قیصر بھٹی نے کرپشن سے پیسہ کمایا، جس کا تانے بانے راسخ الٰہی ، زارا الٰہی اور تحریم الٰہی سے ملتے ہیں۔  اینٹی کرپشن حکام نے تحریری آگاہ کیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے چپراسی قیصر اقبال بھٹی کے اثاثہ جات ان کی آمدن سے زائد ہیں ۔ پنجاب اسمبلی کا چپراسی قیصر اقبال بھٹی منی لانڈرنگ میں بھی ملوث ہے ۔

رپورٹ کے مطابق چپراسی  قیصر اقبال بھٹی نے تحریم الٰہی، زارا الٰہی اور راسخ الہی کے ساتھ ناقابل وضاحت بینکنگ ٹرانزیکشنز کیں ۔ پنجاب اسمبلی کے چپراسی قیصر اقبال بھٹی نے 11 افراد اور 3 کمپنیوں کے ساتھ ایسی ٹرانزیکشنز کیں جن کی کوئی وضاحت موجود نہیں۔ مونس الٰہی کی اہلیہ تحریم الٰہی کے ساتھ 27 ملین کی ناقابل وضاحت ٹرانزیکشن ہوئی۔راسخ الٰہی اور ان کی اہلیہ زارا الٰہی کے ساتھ 83 ملین اور 5 ملین کی ٹرانزیکشنز ہوئیں ۔

لاہور ہائی کورٹ میں جمع کروائی گئی رپورٹ میں انکشاف ہو اہے کہ چپراسی قیصر بھٹی نے 3 کمپنیز کے ساتھ مجموعی طور پر 129.8 ملین کی ٹرانزیکشنز کیں ۔ اینٹی کرپشن کی رپورٹ کی روشنی میں راسخ الٰہی، تحریم الٰہی اور زارا الٰہی کے خلاف منی لانڈرنگ دفعات کے تحت مقدمہ درج ہوا ۔ فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کی رپورٹ کی روشنی میں گزشتہ برس قیصر اقبال بھٹی کے خلاف مشکوک ٹرانزیکشنز کی تحقیقات شروع کی گئیں ۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق چپراسی قیصر بھٹی 175 ملین کی مشکوک ٹرانزیکشنز میں ملوث پایا گیا ہے ۔ بینک ریکارڈ کے مطابق چپراسی قیصر بھٹی کے اکاؤنٹس کا ٹرن اوور 811 ملین پاکستانی اور 4000 یورو ہے ۔ قیصر اقبال بھٹی کے ساتھ ٹرانزیکشنز کی بنیاد پر راسخ الٰہی، ان کی اہلیہ اور مونس الٰہی کی اہلیہ کو طلب کیا گیا ۔  چپراسی قیصر بھٹی نے کرپشن سے پیسہ کمایا جس کا تانے بانے راسخ الٰہی ، زارا الٰہی اور تحریم الٰہی سے ملتے ہیں ۔

ایف آئی اے رپورٹ کے مطابق قیصر اقبال بھٹی کے اکاؤنٹس سے 325 ملین کی رقم چوہدری خاندان کو ٹرانسفر ہوئی۔ ایف آئی اے نے راسخ الٰہی، زارا الٰہی اور تحریم الٰہی کی درخواست خارج کرنے کی استدعا کر دی ۔

واضح رہے کہ پرویز الٰہی کے بیٹے راسخ الٰہی، ان کی اہلیہ زارا الٰہی اور مونس الٰہی کی اہلیہ تحریم الٰہی نے ایف آئی اے منی لانڈرنگ مقدمے کے اخراج کے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔