حکومت نے آئندہ عام انتخابات کے لیے بجٹ میں رقم مختص کردی

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 8 جون 2023
 (فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آئندہ عام انتخابات کے لیے بجٹ میں 42 ارب 41 کروڑ روپے سے زائد رقم مختص کردی، انتخابات کی سیکیورٹی کے لیے 15 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ 

تفصیلات کی مطابق رواں مالی سال کے بجٹ میں پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ اور ووٹنگ  کے لیے 5 ارب 60 کروڑ روپے سے زائد رقم مختص کی گئی ہے، بیلٹ پیپرز کی چھپائی  کے لیے 4 ارب 83 کروڑ روپے ، انتخابی فہرستوں کی چھپائی  کے لیے 27 کروڑ روہے سے زائد رقم رکھی گئی ہے۔

اسی طرح  ٹریننگ ونگ  کے لیے ایک ارب 79 کروڑ، میڈیا کوآرڈینیشن  کے لیے 50 کروڑ، انتخابی تیاریوں  کے لیے ایک ارب 2 کروڑ روپے سے زائد رقم مختص کی گئی ہے۔

آئندہ بجٹ میں پنجاب میں انتخابات  کے لیے 9 ارب 65 کروڑ روپے، سندھ میں انتخابات کے لیے 3 ارب 65 کروڑ، خیبرپختونخوا کے انتخابات کے لیے 3 ارب 95 کروڑ اور  بلوچستان کے انتخابات  کے لیے ایک ارب 11 کروڑ روپے سے زائد کی رقم  مختص کی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے حکومت کو انتخابات  کے لیے  54 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی تھی تاہم حکومت کی جانب سے47 ارب روپے کی یقین دہانی کرائی گئی۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کو 5 ارب روپے پہلے ہی دے چکی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔